قرآن مجید کی سنتیں اور آداب – ۲

تلاوت کے فضائل

دنیا میں نور اور آخرت میں خزانہ

حضرت ابو ذر رضی الله عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے ایک مرتبہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم سے عرض کیا کہ اے الله کے رسول ! مجھے کوئی نصیحت فرمائیں۔ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: تقویٰ کو مضبوطی سے پکڑو؛ کیونکہ یہ تمام نیک اعمال کی جڑ ہے (یعنی سب سے اعلیٰ عمل ہے)۔ میں نے عرض کیا: اے الله کے رسول ! مجھے مزید نصیحت فرمائیں۔ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: قرآن مجید کی تلاوت کو مضبوطی سے تھامے رہو؛ کیونکہ یہ تمہارے لئے دنیا میں نور اور آخرت میں تمہارے لئے خزانہ ہے۔

دل کی صفائی اور پاکیزگی کا ایک ذریعہ

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: دلوں کو بھی زنگ لگ جاتا ہے جیسا کہ لوہے کو پانی لگنے سے زنگ لگتا ہے۔ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے پوچھا: اے اللہ کے رسول ! ان کی صفائی کی کیا صورت ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: موت کو کثرت سے یاد کرنا اور قرآن مجید کی تلاوت کرنا۔ [۱]

ثواب کی حفاظت کرنے والا فرشتہ

حضرت علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب کوئی بندہ مسواک کر کے نماز کے لئے کھڑا ہوتا ہے، تو ایک فرشتہ اس کے پیچھے کھڑا ہو جاتا ہے اور اس کی تلاوت کو (یعنی قرآن پاک کی تلاوت کو) غور سے سنتا ہے پھر وہ فرشتہ اس کے قریب آتا ہے؛ یہاں تک کہ وہ اپنا منھ اس کے منھ پر رکھ دیتا ہے۔ قرآن مجید کا جو حصہ بھی وہ تلاوت کرتا ہے، وہ فرشتے کے پیٹ میں محفوظ ہو جاتا ہے (اور اس کے بعد اللہ تعالیٰ کے یہاں محفوظ ہو جاتا ہے) اس لئے قرآن مجید کی تلاوت کرنے سے پہلے اپنا منھ ضرور صاف کیا کریں۔ [۲]

اللہ تعالیٰ کا قرآن مجید کی تلاوت کرنے والے کو خوشی سے سننا

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کسی چیز کو (اتنی خوشی سے) نہیں سنتا ہے، جتنی (خوشی سے) وہ ایک نبی کو سنتا ہے جو سریلی آواز سے قرآن مجید کی جہری تلاوت کرتے ہیں۔ [۳]

قرآن مجید کے ختم کے وقت دعا کی قبولیت

حضرت عرباض بن ساریہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص (صحیح طریقہ سے) فرض نماز پڑھے (پھر وہ دعا کرے) تو اس کی دعا ضرور قبول کی جائےگی اور جو شخص قرآن مجید ختم کرے (پھر وہ دعا کرے) تو اس کی دعا ضرور قبول کی جائےگی۔

قرآن مجید ختم کرنے والے کے لئے فرشتوں کی دعائے مغفرت

حضرت سعد بن ابی وقاص رضی الله عنہ فرماتے ہیں کہ جب کوئی شخص شام کو قرآن مجید ختم کرتا ہے، تو فرشتے اس کے لئے صبح تک دعائے مغفرت کرتے ہیں اور جب وہ صبح کو قرآن مجید ختم کرتا ہے، تو فرشتے اس کے لئے شام تک دعائے مغفرت کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ کے یہاں سب سے محبوب عمل – قرآن مجید کی تلاوت

حضرت عبد الله بن عباس رضی الله عنہما بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ ایک شخص نے آپ صلی الله علیہ وسلم سے سوال کیا کہ اے الله کے رسول ! کون سا عمل الله تعالیٰ کو سب سے زیادہ پسند ہے؟ آپ صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: حال اور مرتحل (کا عمل – حال اور مرتحل اس مسافر کو کہتے ہیں، جو سفر میں رکنے کے بعد دوبارہ سفر شروع کرتا ہے)۔ اس شخص نے دریافت کیا کہ (اے الله کے رسول) حال اور مرتحل سے مراد کیا ہے؟ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: (حال اور مرتحل سے مراد) وہ صاحب قرآن ہے جو اول قرآن سے پڑھے؛ حتی کہ وہ قرآن کے اخیر تک پہونچے اور اخیر کے بعد پھر وہ اول سے پڑھے (یعنی وہ پورا قرآن پڑھتا ہے اور جب ختم کرتا ہے تو وہ دوبارہ شروع کرتا ہے)۔


[۱] شعب الإيمان للبيهقي، الرقم: ۱۸۵۹، وإسناده ضعيف كما في المغني عن حمل الأسفار في الأسفار صــ ۳۲۳

[۲] مسند البزار، الرقم: ۵۵٠، وقال العلامة الهيثمي رحمه الله في مجمع الزوائد، الرقم: ۲۵٦٤: رواه البزار ورجاله ثقات وروى ابن ماجه بعضه إلا أنه موقوف وهذا مرفوع

[۳] صحيح البخاري، الرقم: ۷۵٤٤

Check Also

عدت کی سنتیں اور آداب – ۳

عدت کے دوران ممنوع چیزیں جس عورت کو طلاقِ بائن یا طلاقِ مغلظہ دی گئی …