سلام کی سنتیں اور آداب – ۲

سلام کرنے کے فضائل

سلام میں پہل کرنے کی فضیلت

حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص پہلے سلام کرے، وہ تکبر سے پاک ہے۔ (شعب الایمان، الرقم: ۸۴۰۷)

باہمی محبت پیدا کرنے کا ذریعہ

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم اس وقت تک جنت میں داخل نہیں ہوگے، جب تک تم ایمان نہ لاؤ اور تمہارا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہوگا، جب تک تم آپس میں محبت نہ کرو۔ کیا میں تمہیں ایک ایسا طریقہ نہ بتاؤں، جس سے آپس میں محبت پیدا ہو جائے؟ سلام کو عام کرو (یعنی ملاقات کے وقت ایک دوسرے سے سلام کرو)۔ (صحیح مسلم، الرقم: ۵۴)

اسلام کا عظیم عمل

حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ اسلام کی کون سی خصوصیت انتہائی قابل تعریف  اور لائق ستائش ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مخلوق کو کھانا کھلانا اور لوگوں کو سلام کرنا، خواہ تم انہیں پہچانتے ہو یا نہ پہچانتے ہو۔

 گھر میں خیر وبرکت کا باعث

حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا کہ اے میرے پیارے بیٹے ! جب تم اپنے گھر میں داخل ہو ، تو اپنے گھر والوں  کو سلام کرو ۔  یہ تمہارے لیے اور تمہارے اہل و عیال کے لیے برکت کا باعث ہو گا۔

Check Also

سلام کی سنتیں اور آداب – ۱

سلام دینِ اسلام کا تحیہ ہے۔ جس طرح دینِ اسلام امن وامان کا دین ہے، …