آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نسب مبارک
آپ صلی الله علیہ وسلم کا اسم گرامی محمد، آپ کے والد کا اسم گرامی عبد الله اور آپ کی والدہ کا اسم گرامی آمنہ تھا۔
آپ صلی الله علیہ وسلم خاندانِ قریش میں سے تھے اور قریش کی مختلف شاخوں میں سے قبیلہ بنی ہاشم ایک شاخ تھی۔ حضور صلی الله علیہ وسلم اسی قبیلہ بنی ہاشم میں سے تھے۔
صحیح مسلم میں واثلۃ بن الاسقع رضی الله تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ الله تعالیٰ نے اسماعيل علیہ السلام کی اولاد سے بنی کنانہ کو منتخب فرمایا اور بنی کنانہ سے قریش کو اور قریش سے بنی ہاشم کو اور بنی ہاشم سے مجھ کو منتخب اور برگزیدہ فرمایا (از سیرتِ مصطفی ١/٣٩)
نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کا نسب مطہر تمام دنیا سے زیادہ شریف اور پاک ہے اور یہ وہ بات ہے کہ تمام کفارِ مکہ اور آپ کے دشمن بھی اس سے انکار نہ کر سکے۔