مسجد میں داخل ہونے اور مسجد سے نکلنے کے وقت درود شریف پڑھنا

عن فاطمة رضي الله عنها قالت: كان رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا دخل المسجد صلى على محمد وسلم وقال: رب اغفر لي ذنوبي وافتح لي أبواب رحمتك وإذا خرج صلى على محمد وسلم وقال: رب اغفر لي ذنوبي وافتح لي أبواب فضلك (سنن الترمذي، الرقم: ٣١٤، وحسنه)

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب مسجد میں داخل ہوتے تھے، تو پہلے درود شریف پڑھتے تھے، پھر مندرجہ ذیل دعا پڑھتے تھے:

رَبِّ اغْفِرْ لِيْ ذُنُوْبِيْ وَافْتَحْ لِيْ أَبْوَابَ رَحْمَتِك

 اے میرے پروردگار! میرے گناہوں کو معاف فرما اور میرے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے۔

اور جب مسجد سے نکلتے تھے، تو پہلے درود پڑھتے تھے، پھر مندرجہ ذیل دعا پڑھتے تھے:

رَبِّ اغْفِرْ لِيْ ذُنُوْبِيْ وَافْتَحْ لِيْ أَبْوَابَ فَضْلِك

اے میرے پروردگار! میرے گناہوں کو معاف فرما اور میرے لیے اپنی نعمت کے دروازے کھول دے۔

“صلی اللہ علیہ وسلم” مکمل لکھنا

حضرت عبید اللہ بن عمر قواریری رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میرا ایک انتہائی قریب دوست تھا، جو پیشہ سے کاتب تھا۔

جب اس کا انتقال ہوگیا، تو میں نے اس کو خواب میں دیکھا۔ میں نے اس سے پوچھا کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے ساتھ کیا معاملہ فرمایا؟

اس نے جواب دیا کہ اللہ تعالیٰ نے میری مغفرت فرما دی۔

میں نے اس سے پوچھا کہ تمہاری مغفرت کیسے ہوئی؟

تو اس نے جواب دیا کہ میری عادت تھی کہ جب بھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اسمِ مبارک لکھا کرتا تھا، تو اس کے ساتھ مکمل “صلی اللہ علیہ وسلم ” لکھا کرتا تھا۔ اللہ تعالیٰ کو میری یہ ادا پسند آئی اور میری مغفرت فرما دی اور مجھے ایسی ایسی نعمتیں عطا فرمائیں کہ نہ تو کسی آنکھ نے ان کو دیکھا ہے، نہ کسی کان نے سُنا ہے اور نہ ہی کسی کے دل میں ان کا خیال گزرا ہے۔ (القول البديع صـ ٤٨٩)

يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

Check Also

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کا حصول ‏

”جس شخص نے میری قبر کی زیارت کی، اس کے لئے میری شفاعت ضروری ہو گئی“...