(۶) خطبہ کے دوران جب حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مبارک نام لیا جائے ، تو زبان سے درود نہیں پڑھنا چاہیے ، بل کہ صرف دل میں درود پڑھنا چاہیے۔
(۷) وضو کے بغیر اور ناپاکی کی حالت میں بھی درود پڑھنا جائز ہے (مثال کے طور پر : حیض، نفاس، جنابت وغیرہ کی حالت میں بھی درود پڑھ سکتے ہیں )۔ البتہ وضو کی حالت میں درود پڑھنا زیادہ باعث ثواب ہے۔
(۸) انبیا اور فرشتوں کے علاوہ کسی پر بھی درود پاک نہیں پڑھنا چاہیے۔ البتہ اگر انبیا اور فرشتوں پر درود پڑھنے کے بعد ضمنا کسی شخص پر درود پڑھا جائے تو جائز ہے : مثلا : کسی کو یہ نہیں کہنا چاہئے:
اَلّٰلہُمﱠ ﺻَﻞﱢ ﻋَﻠٰﻰ ﺁلِ ﻣُﺤَﻤﱠﺪٍ
اے اللہ! محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر اپنی خاص رحمت نازل فرما!
بل کہ اسے یہ کہنا چاہیے:
اَلّٰلہُمﱠ ﺻَﻞﱢ ﻋَﻠٰﻰ ﻣُﺤَﻤﱠﺪٍ وﱠﻋَﻠٰﻰ ﺁلِ ﻣُﺤَﻤﱠﺪٍ
اے اللہ! محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر اپنی خاص رحمت نازل فرما!
(۹) دنیوی مقاصد کے لیے درود پڑھنا حرام ہے جیسے خریدار کے سامنے کسی سامان کی تشہیر کے لیے۔
(۱۰) جب حضرت رسول اللہ ﷺ کا مبارک نام لکھا جائے ، تو درود و سلام بھی مکمل لکھا جائے۔ درود و سلام کا اختصار یا صلعم نہیں لکھنا چاہیے۔ یہ بے ادبی ہے ۔
حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب زاد السعید میں لکھا ہے کہ ایک شخص حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مبارک نام لکھ کر درود نہیں پڑھتا تھا ۔ ایسا وہ بخل کی وجہ سے کرتا تھا ، تاکہ وہ کاغذ بچا سکے ۔ اس کا نتیجہ یہ ظاہر ہوا کہ اس کے دائیں ہاتھ میں ایک بیماری پیدا ہوگئی تھی ، جس کی وجہ سے اس کا وہ ہاتھ استعمال کرنے کے قابل نہیں رہا ۔
حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے یہ بھی ذکر کیا ہے کہ علامہ ابن حجر مکی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ ایک آدمی صرف صلی اللہ علیہ لکھتا تھا اور ” و سلم ” نہیں لکھتا تھا ۔ ایک مرتبہ اس نے خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم سلام نہ لکھ کر اپنے آپ کو چالیس نیکیوں سے کیوں محروم کرتے ہو؟ ” وسلم ” میں چار حروف ہیں اور ہر حرف کے بدلے دس نیکیاں ملتی ہیں۔ لہٰذا لفظ ” وسلم ” پڑھنے یا لکھنے سے چالیس نیکیاں ملتی ہیں ۔
Alislaam.com – اردو हिन्दी ગુજરાતી