ذات مرة، وضع رسول الله صلى الله عليه وسلم يده على صدر سيدنا عبد بن عباس رضي الله عنهما ثم دعا له قائلا: اللهم احش جوفه (قلبه) علما وحلما (مجمع الزوائد، الرقم: ١٥٥١٧)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ اپنا دست مبارک حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کے سینے پر رکھا اور ان کے لیے درج ذیل دعا فرمائی:
“اے اللہ اس کے باطن (دل ) کو علم اور حلم سے بھر دے۔”
(مجمع الزوائد 15517)
دینی علم حاصل کرنے میں احتیاط
ایک مرتبہ بشیر بن کعب العدوی حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) سے ملنے آئے۔ گفتگو کے دوران، بشیر نے حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) کے سامنے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی کچھ احادیث بیان کیں۔ حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) نے ان میں سے بعض احادیث (جو کچھ مخصوص راویوں سے منقول تھیں) کی طرف کوئی خاص توجہ نہیں دی، جب کہ دیگر احادیث (جو دوسرے راویوں سے منقول تھیں) کی طرف توجہ دی ۔
بشیر بن کعب کو حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) کے اس رویے پر کافی حیرت ہوئی، چناں چہ انہوں نے دریافت کیا کہ آپ نے کچھ راویوں کی بیان کردہ احادیث کی طرف توجہ د ی ، لیکن بعض راویوں کی بیان کردہ احادیث کی طرف کوئی توجہ نہیں دی، اس کی کیا وجہ ہے؟
حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: “ایک وقت ایسا تھا کہ جب ہم کسی کو رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی احادیث بیان کرتے ہوئے سنتے، تو ہم فوراً اس کی طرف متوجہ ہو جاتے اور پوری توجہ سے سنتے تھے (کیوں کہ ہمیں راوی کے قابل اعتماد ہونے کی بنا پر روایت کی صحت میں کوئی شک نہیں ہوتا تھا)۔ لیکن اب حالات بدل چکے ہیں؛ اب لوگ ہر طرح کی سواری پر سوار ہونے لگے ہیں—چاہے وہ سواری مشکل ہو یا آسان (یعنی کچھ لوگ تو قابلِ اعتماد راویوں سے احادیث بیان کر رہے ہیں، جبکہ کچھ لوگ غیر معتبر راویوں سے احادیث نقل کر رہے ہیں)۔ اسی وجہ سے اب ہم ہر شخص کی روایت کردہ ہر بات کو قبول نہیں کرتے، بل کہ جب تک ہمیں یہ یقین نہ ہو جائے کہ روایت مستند (صحیح) ہے، تب تک ہم اسے قبول نہیں کرتے۔” (صحیح مسلم ۱/۱۳)
دوسرے الفاظ میں، حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) نے بشیر کو سمجھایا کہ انسان کو اپنا دین صرف ان لوگوں سے حاصل کرنا چاہیے جو قابلِ اعتماد ہوں اور جو رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی سنت کے مطابق اللہ تعالیٰ کے دین پر عمل پیرا ہوں۔ جو لوگ قابلِ اعتماد نہیں ہیں اور جن کی زندگی دین اور رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی سنت کے منافی ہے، انہیں رہنما نہیں بنایا جا سکتا؛ کیوں کہ وہ خود ہی ہدایت سے محروم ہیں۔
Alislaam.com – اردو हिन्दी ગુજરાતી