حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک مرتبہ ذکر کیا کہ عبداللہ بن عباس کو اسلام میں ایک عظیم مقام اور قرآن مجید کے (علم و فہم) کے حوالے سے ایک ممتاز مرتبہ حاصل تھا۔ وہ اس منبر پر کھڑے ہو کر سورہ بقرہ اور سورہ آل عمران کی ایک ایک آیت کی تفسیر کرتے تھے۔ (تاریخ الاسلام 5/93)
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کے ذریعے ایک غریب آدمی کی ضرورت کی تکمیل
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما مسجد نبوی میں معتکف تھے ۔ ایک شخص ان کے پاس آیا ، سلام کیا اور بیٹھ گیا۔ حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) نے اس سے فرمایا: میں دیکھ رہا ہوں کہ تم پریشان اور غمگین ہو ؟
اس شخص نے جواب دیا: ”جی ہاں، اے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے چچا زاد بھائی ! (میں پریشان ہوں ، کیوں کہ) مجھ پر فلاں شخص کا قرض ہے اور میرے پاس اس کو ادا کرنے کی استطاعت نہیں ہے ” ۔
حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) نے پوچھا: ”کیا میں تمہاری طرف سے اس شخص سے بات کروں (اور اس سے کہوں کہ وہ تمہیں قرض کی ادائیگی کے لیے مزید مہلت دے دے)؟“
اس شخص نے کہا: ”اگر آپ چاہیں تو ایسا کر سکتے ہیں۔“
چناں چہ حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) مسجد سے باہر نکلنے لگے (تاکہ قرض خواہ کے پاس جا کر اس شخص کی طرف سے بات کر سکیں)۔
اس شخص نے ان سے کہا: ”کیا آپ بھول گئے کہ آپ اعتکاف میں ہیں؟“
حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہما) نےجواب دیا ، جب کہ ان کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے :
”نہیں، میں بھولا نہیں ہوں۔ لیکن میں نے اس قبر میں آرام فرما ہستی (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے – اور مجھے یہ سنے ہوئے زیادہ عرصہ نہیں گزرا-
” جو شخص اپنے بھائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے جائے اور اس کی ضرورت پوری کر دے، تو اس کا یہ عمل دس سال اعتکاف میں رہنے سے بھی افضل (اور زیادہ باعث اجر ) ہے۔ اور جو شخص اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ایک دن کا اعتکاف کرے، تو اللہ تعالیٰ اس کو جہنم کی آگ سے اتنا دور کر دے گا جتنا فاصلہ تین خندقوں کے درمیان ہوتا ہے۔ اور ہر خندق کی چوڑائی آسمانوں اور زمین کے درمیان فاصلے سے بھی زیادہ ہوگی۔”
Alislaam.com – اردو हिन्दी ગુજરાતી