صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی شان میں بدزبانی کرنے والے کا انجامِ بد

عن أنس بن مالك رضي الله عنه عن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: من سب أصحابي فعليه لعنة الله والملائكة والناس أجمعين، لا يقبل الله منه صرفا ولا عدلا (الدعاء للطبراني، الرقم: ٢١٠٨)

رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ

”جس نے میرے صحابہ کو گالی دی، اس پر اللہ تعالیٰ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہو۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک نہ اس کی فرض عبادت مقبول ہوتی ہے اور نہ ہی نفل عبادت۔“

(الدعاء للطبرانی، الرقم: ۲۱٠۸)

صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے دلوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بے پناہ محبت

ایک مرتبہ ایک صحابی حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور فرمایا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! میرے دل میں آپ کی اتنی زیادہ محبت ہے کہ جب بھی مجھے آپ کا خیال آتا ہے، تو میرے اوپر آپ کی محبت اس قدر غالب آ جاتی ہے کہ جب تک آپ کی زیارت نہ کر لوں، مجھے چین نہیں آتا ہے۔

(انہوں نے مزید عرض کیا) اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! مجھے یہ خیال بے چین کر رہا ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ مجھے جنت سے سرفراز فرمائے، تو میرے لیے آپ کا دیدار کرنا انتہائی مشکل ہوگا، کیوں کہ آپ تو جنت کے انتہائی اعلیٰ مقام میں ہوں گے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو تسلّی دی اور مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:

وَمَن يُطِعِ اللَّـهَ وَالرَّسولَ فَأُولـٰئِكَ مَعَ الَّذينَ أَنعَمَ اللَّـهُ عَلَيهِم مِنَ النَّبِيّينَ وَالصِّدّيقينَ وَالشُّهَداءِ وَالصّالِحينَ وَحَسُنَ أُولـٰئِكَ رَفيقًا ﴿٦٩﴾

اور جو شخص اطاعت اور فرماں برداری کرے اللہ تعالیٰ کی اور رسول کی۔ پس ایسے مطیع اور فرماں بردار لوگ ان برگزیدہ بندوں کے ساتھ  ہوں گے، جن پر اللہ تعالیٰ نے اپنا خاص الخاص انعام فرمایا یعنی انبیاء کرام اور صدیقین اور شہداء اور صالحین کے ساتھ ہوں گے۔ یہ گروہ  بہترین رفیق ہیں۔ (ترجمہ از بیان القرآن)

Check Also

حضرت سعد رضی اللہ عنہ کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصی دعا‎ ‎

غزوہ احد میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت سعد رضی اللہ عنہ …