درود شریف تزکیۂ نفس (دل کی صفائی) کا ایک ذریعہ

عن أبي هريرة رضي الله عنه عن النبي صلى الله عليه وسلم أنه قال: صلوا علي فإنها زكاة لكم واسألوا الله لي الوسيلة فإنها درجة في أعلى الجنة لا ينالها إلا رجل وأرجو أن أكون أنا هو (مسند أحمد، الرقم: ٨٧٧٠)

حضرت ابو ہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مجھ پر درود بھیجا کرو؛ کیونکہ یہ تمہارے لئے تزکیہ (دل کی صفائی) کا ذریعہ ہے اور میرے لئے الله تعالیٰ سے مقامِ “وسیلہ” کی دعا کیا کرو۔ بے شک یہ (وسیلہ) جنت کے بلند ترین درجات میں ایک درجہ ہے، جو صرف ایک شخص کو ملےگا اور مجھے امید ہے کہ یہ شرف و اعزاز مجھے ملےگا۔

حضرت ابو عبیدہ بن الجرّ اح رضی الله عنہ کے دانتوں کا ٹوٹنا

غزوۂ احد میں کافروں نے نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم پر سخت وار کیا، جس کی وجہ سے آپ صلی الله علیہ وسلم کے خود کی دو کڑیاں آپ کے چہرۂ مبارک میں چبھ گئیں۔

حضرت ابو بکر صدیق رضی الله عنہ اور حضرت ابو عبیدہ بن الجرّ اح رضی الله عنہ انتہائی سرعت سے آپ صلی الله علیہ وسلم کی مدد کے لئے آگے بڑھے۔

حضرت ابو عبیدہ رضی الله عنہ خود کی کڑیوں کو اپنے دانت سے نکالنے لگے۔ کچھ دیر میں ایک کڑی نکالنے میں کامیاب ہو گئے؛ لیکن ان کا ایک دانت ٹوٹ گیا۔

حضرت ابو عبیدہ رضی الله عنہ نے اپنے دانت کے ٹوٹنے کی کوئی پرواہ نہیں کی؛ بلکہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے چہرۂ مبارک سے دوسری کڑی نکالنے لگے اور اس کو بھی نکال دیا؛ اگرچہ دوسری کڑی نکالنے میں ان کا ایک اور دانت بھی ٹوٹ گیا؛ لیکن رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی محبت میں انہوں نے اس کی ذرّہ برابر پرواہ نہیں کی۔

کڑیوں کے نکلنے کے بعد رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے جسم مبارک سے خون بہنے لگا۔ حضرت مالک بن سنان رضی الله عنہ (حضرت ابو سعید خدری رضی الله عنہ کے والد) نے اس خون کو اپنے ہونٹوں سے چاٹ لیا۔

آپ صلی الله علیہ وسلم نے جب یہ دیکھا، تو ارشاد فرمایا: جس کے خون میں میرا خون مل گیا، اس کو آتشِ دوزخ نہیں چھو سکتی. (فضائلِ اعمال، حکایتِ صحابہ، ص ۱۶۸)

يَا رَبِّ صَلِّ وَ سَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ   

Source: http://ihyaauddeen.co.za/?p=6162  & http://ihyaauddeen.co.za/?p=4047

Check Also

فرشتوں کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو درود شریف کی اطلاع ملنا

عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من …