
قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ میں حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے کی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے۔ متعدد عبادات میں حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے کے سلسلے میں مختلف احکامات وارد ہوئے ہیں :
۱۔ علما کا اس بات پر اتفاق ہے کہ زندگی میں ایک بار حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنا ہر شخص پر فرض عین ہے۔ کیوں کہ قرآن مجید میں ایمان والوں کو حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔
۲۔ جب کوئی شخص کسی مجلس میں پہلی بار حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسم مبارک سنے، تو اس پر حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنا واجب ہے۔
۳۔ جب کسی مجلس میں ( مثلا کسی بیان یا حدیث کے درس کے دوران ) حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسم مبارک بار بار دہرایا جائے تو کتنی بار درود پڑھا جائے ؟ ایک بار یا بار بار ؟ اس سلسلے میں فقہاء کے دو اقوال (آراء) ہیں :
پہلا قول یہ ہے کہ ایک بار درود پڑھنا واجب ہے۔ اس کے بعد، جب بھی حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسمِ مبارک سنا جائے تو درود پڑھنا مستحب ہے۔ یہ حکم سجدۂ تلاوت کی آیت کو ایک ہی مجلس میں بار بار پڑھنے کے حکم کی طرح ہے، کیوں کہ اس صورت میں صرف ایک سجدہ کرنا ہی واجب ہوتا ہے۔
دوسرا قول یہ ہے کہ مجلس میں جب بھی حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسمِ مبارک سنا جائے تو درود پڑھنا واجب ہے۔ حضرت مفتی محمود حسن گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ کہتے تھے کہ پہلے قول میں وسعت (آسانی) ہے جب کہ دوسرے قول میں احتیاط ہے۔ تاہم، حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور تعظیم کا تقاضا یہ ہے کہ جب بھی حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مبارک نام سنا جائے تو درود شریف پڑھا جائے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “وہ شخص بخیل ہے جو میرا (مبارک) نام سنے اور مجھ پر درود نہ بھیجے ۔”
۴ ۔ اس کے علاوہ، نماز میں حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنا سنت ہے (تشہد کے بعد اور نماز مکمل کرنے سے پہلے)۔
۵۔ نماز میں تشہد کے علاوہ کسی اور حالت یا رکن میں حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھنا مکروہ ہے۔ البتہ، وتر کی نماز میں تیسری رکعت میں قنوت مکمل کرنے کے بعد درود پڑھنا مستحب ہے۔ اس وقت درود پڑھنا مکروہ نہیں ہے۔ اسی طرح، نمازِ جنازہ میں دوسری تکبیر کے بعد درود پڑھنا سنت ہے۔
Alislaam.com – اردو हिन्दी ગુજરાતી