اسلام میں جمعہ کے دن کی بڑی اہمیت اور فضیلت ہے۔ یہ دن اس امت پر اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم احسان ہے اور اسلام کی نمایاں خصوصیت ہے۔
حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“جمعہ کا دن سید الایام ( تمام دنوں کا سردار) ہے اور اللہ تعالی کے نزدیک (ہفتے کے دنوں میں ) عظیم ترین دن ہے، یہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک عید الاضحی اور عیدالفطر کے دن سے زیادہ فضیلت والا ہے۔
جمعہ کے دن کی پانچ بڑی خصوصیتیں ہیں : ( پہلی خصوصیت یہ ہے کہ) اس دن اللہ تعالی نے نبی آدم علیہ السلام کو پیدا کیا، (دوسری یہ کہ) اللہ تعالیٰ نے اس دن نبی آدم (اور حضرت حوا رضی اللہ عنہ) کو زمین پر بھیجا، (تیسری یہ کہ ) اسی دن حضرت آدم علیہ السلام کی وفات ہوئی اور وہ اپنی اصلی جگہ لوٹا دیئے گئے ۔ (چوتھی یہ کہ) جمعہ کے دن ایک خاص (قبولیت) کی گھڑی ہے جس میں بندہ جو بھی دعا کرتا ہے ، اس کی دعا قبول کی جاتی ہے ، بشرطیکہ وہ کسی حرام چیز کی دعا نہ کرے ۔ ( پانچویں یہ کہ ) اسی دن قیامت آئے گی ۔
’’کوئی فرشتہ ایسا نہیں ہے جو اللہ تعالیٰ کے قریب ہو، نہ کوئی آسمان و زمین، نہ کوئی ہوا، نہ کوئی پہاڑ اور نہ سمندر، مگر یہ کہ وہ جمعہ کے دن سے ڈرتا ہے ( کیوں کہ قیامت اسی دن واقع ہوگی ) ۔
حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جمعہ کا دن ایک روشن دن ہے اور جمعہ کی رات ایک روشن رات ہے۔
حدیث شریف میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو نصیحت کی ہے کہ جمعہ کے دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر زیادہ سے زیادہ درود بھیجیں ، کیوں کہ یہ ان کی مغفرت کا ذریعہ اور ان کی ( آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ) دعاؤں کے حصول کا سبب ہوگا ۔
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”روشن رات اور روشن دن (جمعہ کی رات اور جمعہ کے دن ) مجھ پر زیادہ سے زیادہ درود بھیجو، کیوں کہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے، پھر میں تمہارے لیے دعا کرتا ہوں اور اللہ سے تمہارے گناہوں کی معافی مانگتا ہوں۔
Alislaam.com – اردو हिन्दी ગુજરાતી