مریض کی عیادت کے وقت کی دعائیں
پہلی دعا
لَا بَأْسَ طَهُوْرٌ إِنْ شَاءَ اللهُ
گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ تم اس بیماری سے پاک وصاف ہو جاؤ گے إن شاء الله۔
(یعنی تم کو فکر مند ہونے یا ڈرنے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے۔ تم پاک کیے جا رہے ہو۔ روحانی طور پر تم کو گناہوں سے پاک کیا جا رہا ہے اور جسمانی طور پر تمہارا جسم غلط مادوں سے پاک ہو رہا ہے؛ لہذا تمہارے لیے یہ بیماری اللہ کی طرف سے ایک رحمت ہے، تو تم کو فکر مند ہونے اور غم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے)۔
دوسری دعا
مندرجہ ذیل دعا سات مرتبہ پڑھیں:
أَسْألُ اللهَ الْعَظِيْمَ رَبَّ الْعَرْشِ الْعَظِيْمِ أَنْ يَّشْفِيَكَ
میں عظیم رب سے سوال کرتا ہوں، جو عرشِ عظیم کا مالک ہے کہ وہ تجھ کو شفا دے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص سات مرتبہ مذکورہ بالا دعا کسی ایسے بیمار آدمی پر پڑھے، جس کی موت اس بیماری میں مقدر نہ ہو، تو اللہ تعالیٰ اس آدمی کو اس بیماری سے شفا عطا فرمائیں گے ۔ (سنن ابی داود، الرقم: ۳۱۰۶ ؛ سنن الترمذی، الرقم: ۲۰۸۳)
تیسری دعا
أَذْهِبِ الْبَأْسَ رَبَّ النَّاسِ وَاشْفِ أَنْتَ الشَّافِيْ لَا شِفَاءَ إِلَّا شِفَاؤُكَ شِفَاءً لَا يُغَادِرُ سَقَمًا
مصیبت کو دور فرما، اے تمام لوگوں کے رب! اور شفاء عطا فرما۔ تو ہی شفا دینے والا ہے۔ تیری شفا کے سوا کوئی شفا نہیں۔ ایسی شفا عطا فرما، جس سے کوئی بیماری باقی نہ رہے۔
چوتھی دعا
بِاسْمِ اللهِ أَرْقِيْكَ مِنْ كُلِّ شَيْءٍ يُؤْذِيْكَ مِنْ شَرِّ كُلِّ نَفْسٍ أَوْ عَيْنٍ حَاسِدٍ اللهُ يَشْفِيْكَ بِاسْمِ اللهِ أَرْقِيْكَ
اللہ کا نام لے کر میں تم پر (یہ الفاظ) پڑھتا ہوں (یعنی تمہارے لیے اللہ سے شفا مانگتا ہوں) ہر اس چیز سے، جو تم کو نقصان پہنچا رہی ہے، ہر نفس یا حسد کرنے والی آنکھ کی برائی سے۔ اللہ تم کو شفا عطا فرمائے۔ اللہ کا نام لے کر تم پر (یہ الفاظ) پڑھتا ہوں۔