روزہ کی سنتیں اور آداب – ‏ ۲

روزہ رکھنے کے فضائل

احادیث مبارکہ میں روزہ دار کے لیے عظیم اجر وثواب کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اللہ تعالی کے نزدیک روزہ دار کا مقام بہت بڑا ہے۔

روزہ دار کے منہ کی بُو کا اللہ کے نزدیک محبوب ہونا

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: روزہ دار کے منہ کی بُو اللہ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے زیادہ محبوب ہے۔ (صحیح مسلم، الرقم: ۱۶۱)

 روزہ گناہوں کے خلاف ڈھال

حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا۔ وہ (یعنی روزہ دار) میری خاطر اپنی خواہشات کو چھوڑ دیتا ہے (یعنی وہ کھانا، پینا اور بیوی کے ساتھ ہمبستری کو چھوڑتا ہے)۔ روزہ ڈھال ہے (گناہوں سے بچنے کے لیے)۔ روزہ دار کے لیے دو خوشیاں ہیں۔ ایک خوشی افطار کے وقت اور دوسری خوشی اپنے رب سے ملاقات کے وقت۔ روزہ دار کے منہ کی بُو اللہ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے زیادہ پسندیدہ ہے۔ (صحیح البخاری، الرقم: ۷۴۹۲)

روزہ دار کی دعا

رسول الله صلی الله علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ تین لوگوں کی دعا رد نہیں کی جاتی ہے: (۱) روزہ دار کی دعا، تا آں کہ وہ افطار کر لے (۲) عادل بادشاہ کی دعا (۳) مظلوم کی دعا (بد دعا) الله تعالیٰ اس کو بادلوں کے اوپر اٹھا لیتے ہیں اور اس کے لیے آسمان کے دروازے کھول دیتے ہیں اور الله تعالیٰ فرماتے ہیں: میری عزت کی قسم! میں ضرور بالضرور تمہاری مدد کروں گا؛ اگرچہ کچھ مدّت کے بعد ہی کیوں نہ ہو۔ (سنن الترمذی، الرقم: ۳۵۹۸)

رمضان المبارک کا روزہ گناہوں کا کفارہ

رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص صرف اللہ کی رضا کے لیے اور ثواب کی امید کے ساتھ رمضان المبارک کا روزہ رکھے، اس کے پچھلے (سارے صغیرہ) گناہ معاف کر دیئے جائیں گے۔ (صحیح البخاری، الرقم: ۳۸)

ماہِ رمضان کا روزہ رکھنے والا گناہوں سے ایسے پاک ہو جاتا ہے، جیسے اس کی ماں نے اسے جنم دیا تھا

رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ بے شک الله تعالیٰ نے تمہارے اوپر رمضان کا روزہ فرض کیا ہے اور میں نے تمہارے لیے اس کی راتوں میں تراویح کی نماز کو سنت بنایا ہے؛ لہذا جو شخص ماہِ رمضان میں ایمان اور ثواب کی امید کے ساتھ روزہ رکھے اور تراویح کی نماز پڑھے، تو وہ (اپنے سارے چھوٹے) گناہوں سے پاک وصاف ہو جائےگا اس دن کی طرح، جس دن اس کی ماں نے اس کو جنا تھا (یعنی جس دن وہ پیدا ہوا تھا)۔ (سنن النسائی، الرقم: ۲۲۱۰)

Check Also

عیادتِ مریض کی سنتیں‎ ‎اور آداب – ۴

مریض کی عیادت کے وقت کی دعائیں پہلی دعا لَا بَأْسَ طَهُوْرٌ إِنْ شَاءَ اللهُ …