نماز کی سنتیں اور آداب – ‏۷

قعدہ اور سلام

(۱) دوسری رکعت کے دوسرے سجدے کے بعد قعدہ میں بیٹھیں۔ قعدہ میں اس طرح بیٹھ جائیں، جس طرح “جلسہ” میں بیٹھیں۔

(۲) قعدہ میں تشہد پڑھیں۔

تشہد کے کلمات یہ ہیں:

اَلتَّحِيَّاتُ لِلّٰهِ وَالصَّلَوَاتُ وَالطَّيِّبَاتُ اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ اَلسَّلَامُ عَلَيْنَا وَعَلٰى عِبَادِ اللهِ الصَّالِحِيْن أشْهَدُ أنْ لَّا إلٰهَ إلَّا اللهُ وَأشْهَدُ أنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُوْلُهُ

تمام قولی، فعلی اور مالی عبادتیں الله تعالیٰ کے لیے ہیں۔ اے نبی ! آپ پر سلام ہو اور (آپ پر) الله تعالیٰ کی رحمت اور برکتیں ہوں۔ ہمارے اوپر اور الله تعالیٰ کے نیک بندوں پر سلام ہو۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ الله تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی الله علیہ وسلم الله کے بندے اور ان کے رسول ہیں۔

(۳) جب آپ تشہد میں لفظ أَنْ لَّا إِلٰهَ پر پہنچے تو أَنْ لَّا إِلٰهَ کہنے کے وقت دائیں ہاتھ کے انگوٹھے اور درمیانی انگلی سے انگوٹھی کی شکل (گول شکل) بنا لیں پھر شہادت کی انگلی قبلہ کی طر ف اٹھائیں اور بقیہ انگلیوں (خنصر اور بنصر) کو بند رکھیں۔

جب آپ لفظ إلّا الله پر پہنچے تو إلّا الله کہنے کے وقت شہادت کی انگلی نیچے کر لیں اور انگوٹھے اور درمیانی انگلی کو قعدہ کے اخیر تک انگوٹھی کی شکل میں ملائے ہوئے رکھیں۔

(٤) اگر آپ تین یا چار رکعت فرض نماز ادا کر رہے ہیں، تو تشہد کے علاوہ کچھ بھی نہ پڑھیں۔ بلکہ تشہد پڑھنے کے فوراً بعد تیسری رکعت کے لیے کھڑے ہو جائیں۔

(٥) اگر یہ قعدۂ اخیرہ ہو (یعنی نماز کا آخری قاعدہ ہو)، تو تشہد کے بعد مندرجہ ذیل درودِ ابراہیم پڑھیں، پھر قرآن مجید یا حدیث شریف سے ماخود کوئی بھی دعا پڑھیں۔
درود ابراہیم یہ ہے:

اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلٰى اِبْرَاهِيْمَ وَعَلٰى اٰلِ اِبْرَاهِيْمَ اِنَّكَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ

اَللّٰهُمَّ بَارِكْ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلٰى اِبْرَاهِيْمَ وَعَلٰى اٰلِ اِبْرَاهِيْمَ اِنَّكَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ

اے الله درود بھیج حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم پر اور حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم کی اولاد پر، جیسا کہ تو نے درود بھیجا حضرت ابراہیم علیہ السلام پر اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد پر، بے شک آپ تعریف کے لائق اور بزرگ و برتر ہیں۔

اے الله ! برکت نازل فرما حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم پر اور حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم کی اولاد پر جس طرح تو نے برکت نازل فرمائی حضرت ابراہیم علیہ السلام پر اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد پر۔ بے شک آپ تعریف کے قابل اور بزرگ و برتر ہیں۔

درودِ ابراہیم کے بعد مندرجہ ذیل دُعا پڑھ سکتے ہیں (یہ دعا حدیث شریف میں وارد ہے):

اَللّٰهُمَّ إِنِّيْ ظَلَمْتُ نَفْسِيْ ظُلْمًا كَثِيرًا وَلَا يَغْفِرُ الذُّنُوْبَ إِلاَّ أَنْتَ فَاغْفِرْ لِيْ مَغْفِرَةً مِّنْ عِنْدِكَ وَارْحَمْنِيْ إِنَّكَ أَنْتَ الْغَفُوْرُ الرَّحِيْم

اے الله ! بے شک میں نے اپنے آپ پر بہت زیادہ ظلم کیا ہےاور صرف آپ ہی گناہوں کو بخشنے والے ہیں۔ آپ مجھے اپنی طرف بخش دیں اور مجھ پر رحم فرمائیں۔ بے شک آپ بہت زیادہ بخشنے والے اور بہت زیادہ رحم کرنے والے ہیں۔ [۱]

(۶) دعا پڑھنے کے بعد سلام کرے۔ سلام کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے اپنا سر دائیں طرف پھیریں اور سلام کہے “السلام عليكم ورحمة الله” پھر اپنا سر بائیں طرف پھیریں اور سلام کہے “السلام عليكم ورحمة الله”۔

(۷) سلام پھیرتے ہوئے نہ تو سر کو جھکائیں اور نہ ہی جھٹکا دیں۔

(۸) سلام پھیرنے کے وقت جب سر دائیں یا بائیں طرف پہنچے، تو اپنی نگاہ کو دائیں اور بائیں کندھوں پر رکھیں۔

(۹) دونوں جانب سلام پھیرتے ہوئے اپنا چہرہ اس قدر پھیریں کہ پیچھے بیٹھنے والا آدمی آپ کے رخسار کو دیکھ سکے۔

(۱۰) سلام پھیرنے کے بعد تین بار ” أَسْتَغْفِرُ الله” پڑھیں۔

(۱۱) نماز سے فارغ ہونے کے بعد دعا کریں؛ کیوں کہ فرض نماز کے بعد دعا قبول ہوتی ہے۔

(۱۲) ہر فرض نماز کے بعد تسبیح فاطمی پڑھیں۔ تسبیح فاطمی یہ ہے کہ ۳۳ بار سبحان اللہ، ۳۳ بار الحمد اللہ، ۳۳ بار اللہ اکبر اور آخر میں سو عدد کی تکمیل کے لیے مندرجہ ذیل دعا پڑھیں:

لَا إِلٰهَ إلَّا اللهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيْكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْر

اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی معبود نہیں ہے۔ وہ تنہا ہیں۔ ان کا کوئی ساجھی نہیں ہے۔ ان ہی کے لیے بادشاہت ہے اور ان ہی کے لیے ساری تعریفیں ہیں اور وہ ہر چیز پر قادر ہیں۔


[۱]

Check Also

عدت کی سنتیں اور آداب – ۳

عدت کے دوران ممنوع چیزیں جس عورت کو طلاقِ بائن یا طلاقِ مغلظہ دی گئی …