ہر شب وروز تین مرتبہ درود شریف پڑھنے کا ثواب

عن ابي كاهل رضي الله عنه قال: قال لي رسول الله صلى الله عليه وسلم: يا ابا كاهل! من صلى علي كل يوم ثلاث مرات وكل ليلة ثلاث مرات حبا وشوقا الي كان حقا على الله أن يغفر له ذنوبه تلك الليلة وذلك اليوم (الترغيب والترهيب، الرقم: ۲۵۸٠)

حضرت ابو کاہل رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے مجھ سے ارشاد فرمایا کہ اے ابو کاہل! جو شخص مجھ پر میری محبت اور میرے اشتیاق میں ہر روز تین مرتبہ اور ہر شب تین مرتبہ درود بھیجتا ہے، تو الله تعالیٰ اس شب اور اس روز کے اس کے گناہوں کی مغفرت کو اپنے اوپر لازم کر لیتے ہیں (یعنی الله تعالیٰ اس شخص کے اس دن اور اس رات کے گناہوں کو ضرور معاف فرماتے ہیں)۔

تکلیف کی حالت میں درود شریف پڑھنا

عبد الرحیم بن عبد الرحمٰن بن احمد نے کہاکہ میں حمام میں گر گیا تھا، جس سے میرے ہاتھ میں چوٹ آگئی تھی اور ورم بھی ہو گیا تھا۔ رات کو مجھے بہت تکلیف رہی۔

میں نے حضور اقدس صلی الله علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا۔ میں نے عرض کیا یا رسول الله! حضور صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے میرے بیٹے! تیرے درد نے مجھے وحشت میں ڈال دیا۔

صبح کو وہ تمام ورم جاتا رہا اور حضور صلی الله علیہ وسلم کی برکت سے وہ تکلیف بھی رفع ہو گئی۔

درود شریف برائے حفاظت

مناہج الحسنات میں ابن فاکہانی کی کتاب فجر منیر سے نقل کیا ہے کہ ایک بزرگ نیک صالح موسیٰ ضریر بھی  تھے۔ انہوں نے اپنا گزرا ہوا قصہ مجھ سے نقل کیا کہ ایک جہاز ڈوبنے لگا اور میں اس میں موجود تھا۔

اس وقت مجھ کو غنودگی سی ہوئی۔ اس حالت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ کو یہ درود تعلیم فرما کر ارشاد فرمایا کہ جہاز والے اس کو ہزار بار پڑھیں۔ ہَنوز تین سو بار نوبت پہنچی تھی کہ جہاز نے نجات پائی۔

یہ سب درود شریف کی برکت تھی، جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خواب میں سکھایا تھا۔

وہ درود یہ ہے:

أّللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ صَلَوةً تُنْجِينَا بِهَا مِن جَمِيعِ الْأَهْوَالِ وَالْآفَاتِ وَتَقْضِي لَنَا بِهَا جَمِيعَ الحَاجَاتِ وَتُطَهِّرُنَا بِهَا مِن جَمِيعِ السَّيِئَاتِ وَتَرْفَعُنَا بِهَا أَعْلَى الدَّرَجَاتِ وَتُبَلِّغُنَا بِهَا أَقْصَى الغَايَاتِ مِن جَمِيعِ الخَيرَاتِ فِي الحَيَوةِ وَبَعدَ الممَات (اِنَّكَ عَلَى كُلِّ شَيئٍ قَدِيرٌ)

اے اللہ! ہمارے آقا ومولٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ایسی رحمت نازل فرما، جو ہمارے لیے تمام مصیبتوں اور پریشانیوں سے حفاظت کا ذریعہ ہو، جس سے ہماری ضرورتیں پوری ہوں، جس سے ہم تمام گناہوں سے پاک وصاف ہو جائیں، جس کی برکت سے ہمیں (آخرت میں) بلند ترین مقام نصیب ہو اور جس کے ذریعہ ہم زندگی اور موت کے بعد کی تمام بھلائیوں کے اعلیٰ اور آخری مقام پر پہونچ جائیں۔ بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے۔‏ (الفجر المنير للفاكهاني ص ۷۷، الجملة الأخيرة: “إنك على كل شيئ قدير” مذكورة في فضائل درود ص ۱۵۱)

يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

 Source: http://whatisislam.co.za/index.php/durood/item/576-reserving-a-special-time-for-reciting-durood  , http://ihyaauddeen.co.za/?p=5969

Check Also

دس درجوں کی بلندی

عن أنس بن مالك قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من صلى علي صلاة واحدة صلى الله عليه عشر صلوات وحطت عنه عشر خطيئات ورفعت له عشر درجات...