حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ الله نے ایک مرتبہ ارشاد فرمایا:
”حق تعالیٰ کے احسانات لا تداد ولاتحصیٰ ہیں۔ مثلا صحت ایک ایسی چیز ہے کہ تمام سلطنت اس کے برابر نہیں۔ اگر کسی بادشاہ کو مرض لاحق ہو جائے اور تمام سلطنت دے دینے پر صحت حاصل ہو، تو کل سلطنت دے دےگا۔
اور مثلا دنیا میں اکل وشرب کے اسباب حق تعالیٰ نے ایسے عام رکھے ہیں کہ ہر شخص استعمال کر رہا ہے اور بلا قیمت۔ اگر فرض کیجئے کسی کو شدت کی پیاس ہو اور پانی نہ ملتا ہو اور کروڑوں روپے کے عوض میں ایک گلاس پانی مل سکے، تو آدمی غنیمت سمجھ کر کل مال صرف کردےگا اور ایک گلاس پانی خریدےگا۔
اسی طرح اور نعمتوں کو سمجھنا چاہیئے۔ ہم جس نعمت کو کم قیمت تصوّر کرتے ہیں نہ ملنے پر اس کی قیمت معلوم ہو سکتی ہے کہ کس قدر قابل قدر ہے۔
حق تعالیٰ کا احسان ہے کہ بلا قیمت عام وخاص ہر شخص استعمال کر رہا ہے۔ اس نعمت عامہ کی قدر کرنی چاہیئے کہ عنایت فرما رہے ہیں۔“ (ملفوظاتِ حکیم الامّت، ج۱۲، ص۱۰۸)
Source: https://ihyaauddeen.co.za/?p=17458