ایک درود کے بدلہ ستّر انعامات

عن عبد الرحمن بن مريح الخولاني قال: سمعت أبا قيس مولى عمرو بن العاص يقول: سمعت عبد الله بن عمرو يقول: من صلى على رسول الله صلى الله عليه وسلم صلاة صلى الله عليه وملائكته سبعين صلاة فليقل عبد من ذلك أو ليكثر (مسند أحمد، الرقم: 6605، وإسناده حسن وحكمه الرفع إذ لا مجال للإجتهاد فيه كما في القول البديع صـ 237)

حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ جو شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اور ان کے فرشتے اس پر ستّر (۷۰) درود بھیجتے ہیں۔ لہذا جو چاہے، زیادہ درود پڑھے اور جو چاہے، کم درود پڑھے (جو شخص زیادہ ثواب کے حصول کا متمنّی ہے، اس کو بکثرت درود شریف پڑھنا چاہیئے)۔

روزانہ ایک ہزار بار درود شریف پڑھنا

ابو الحسن بغدادی دارمی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ابو عبد اللہ بن حامد کو مرنے کے بعد کئی دفعہ خواب میں دیکھا، ان سے پوچھا کہ کیا گزری؟ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے میری مغفرت فرما دی اور مجھ پر رحم فرمایا۔

انہوں نے ان سے یہ پوچھا کہ مجھے کوئی ایسا عمل بتاؤ جس سے میں سیدھا جنّت میں داخل ہو جاؤں!

انہوں نے بتایا کہ ایک ہزار رکعت نفل پڑھ اور ہر رکعت میں ایک ہزار مرتبہ قُلْ هُوَ اللهُ اَحَدْ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو بہت مشکل عمل ہے، تو انہوں نے کہا کہ پھر تو ہر شب میں ایک ہزار مرتبہ درود شریف پڑھا کر۔

دارمی کہتے ہیں کہ یہ میں نے اپنا معمول بنا لیا۔ (فضائل درود،ص ۱۵۷، القول البدیع)

يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

Check Also

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کا حصول ‏

”جس شخص نے میری قبر کی زیارت کی، اس کے لئے میری شفاعت ضروری ہو گئی“...