حج اور عمرہ کی سنتیں اور آداب – ۱۱

نیک اعمال کے ذریعہ نفل حج کے ثواب کا حصول

اگر کسی شخص کے پاس حج کرنے کے لئے مالی وسعت نہ ہو، تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ایسے شخص کے لیے دینی ترقی اور الله تعالیٰ کی محبّت کے حصول کا کوئی اور طریقہ نہیں ہے؛ بلکہ بعض نیک اعمال ایسے ہیں کہ اگر انسان ان کو انجام دے، تو ان شاء الله اس کو نفل حج کا ثواب ملےگا۔

ذیل میں کچھ نیک اعمال درج کئے جاتے ہیں جن کے ذریعہ انسان نفل حج کا ثواب حاصل کر سکتا ہے:

(۱) وضو کر کے گھر سے نکلنا مسجد میں جماعت کے ساتھ فرض نماز ادا کرنے کے لئے

حضرت ابو امامہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ”جو شخص وضو کر کے گھر سے نکل جائے (مسجد میں) فرض نماز باجماعت ادا کرنے کے لئے ، تو اس کو اس شخص کا ثواب ملے گا جو حالت احرام میں نفل حج ادا کرے اور اگر وہ نماز چاشت ادا کرنے کے لئے (مسجد کو) نکل جائے، تو اس کو عمرہ کرنے والے کا ثواب ملےگا۔“

(۲) نماز اشراق

حضرت انس بن مالک رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ”جو شخص جماعت کے ساتھ (مسجد میں) نماز فجر ادا کرے پھر وہ اپنی جگہ میں بیٹھ کر الله تعالیٰ کے ذکر میں مشغول رہے؛ یہاں تک کہ سورج کے طلوع ہونے کا وقت ہو جائے (یعنی سورج کے طلوع ہونے کے تقریباً بیس منٹ بعد) پھر وہ دو رکعت نماز اشراق پڑھے، تو اس کو ایک مکمل نفل حج اور مکمل عمرہ کا ثواب ملےگا۔“

(۳) دینی علم سیکھنے یا سکھانے کے لئے مسجد جانا

حضرت ابو امامہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ”جو شخص دینی علم سیکھنے کے لئے یا (دوسروں کو) دینی علم سکھانے کے لئے مسجد جائے، تو اس کو ایسے حاجی کا ثواب ملےگا، جس کا حج کامل طریقہ پر پورا ہوا ہو۔“

(۴) ماہ رمضان میں عمرہ

حضرت عبد الله بن عباس رضی الله عنہما فرماتے ہیں کہ جب رسول کریم صلی الله علیہ وسلم سفر حج سے واپس آئے، تو آپ صلی الله علیہ وسلم نے حضرت ام سنان رضی الله عنہا سے پوچھا ”تم حج کے لئے میرے ساتھ کیوں نہیں آئی؟“ انہوں نے جواب دیا ”میرے شوہر کے پاس صرف دو اونٹ ہیں۔ ایک اونٹ پر میرا شوہر اور اس کا بیٹا آپ کے ساتھ حج کے لئے گئے اور دوسرے اونٹ پر ہمارا غلام پانی لاتا ہے۔“ یہ سن کر نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا ”ماہ رمضان میں عمرہ کرو؛ کیونکہ رمضان میں عمرہ کرنے سے انسان کو حج کے برابر ثواب ملےگا یا آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا کہ رمضان میں عمرہ کرنے سے انسان کو میرے ساتھ حج کرنے کے برابر ثواب ملےگا۔“

(۵) صبح اور شام سو مرتبہ ”سبحان الله“ پڑھنا

حضرت عبد الله بن عمرو رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ حضرت رسول کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ”جو شخص صبح اور شام سو سو بار سبحان الله پڑھے اس کی مثال اس شخص کی طرح ہے جس نے سو بار حج کیا۔“

(٦) والدین کی خدمت

حضرت انس رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا ”میں جہاد میں شرکت کرنا چاہتا ہوں؛ لیکن میرے پاس (جہاد میں نکلنے کے لئے) مالی وسعت نہیں ہے۔“ نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے دریافت کیا ”کیا تمہارے والدین میں سے کوئی زندہ ہے؟“ اس نے جواب دیا ”ہاں، میری ماں زندہ ہیں۔“ رسول کریم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا ”الله تبارک وتعالیٰ کو دکھاؤ کہ تم کیسے اپنی ماں کی خدمت کرتے ہو اگر تم ایسا کروگے، تو تم کو حج کرنے والے، عمرہ کرنے والے اور جہاد کرنے والے کا ثواب ملےگا۔“

(۷) فرماں بردار اولاد کا اپنے والدین کو شفقت ومحبّت کی نگاہ سے دیکھنا

حضرت عبد الله بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ”جو بھی فرماں بردار لڑکا اپنے والدین کو شفقت ومحبّت کی نگاہ سے دیکھے الله تعالیٰ اس کو ہر نگاہ کے بدلہ ایک مقبول حج کا ثواب لکھ دیں گے۔“ صحابۂ کرام رضی الله عنہم نے سوال کیا ”اگر چہ وہ (لڑکا) اپنے والدین کو ہر دن سو مرتبہ (شفقت ومحبّت سے) دیکھے۔ (تو کیا اس کو سو مقبول حج کا ثواب ملےگا) “ نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا ”ہاں، الله تعالیٰ کی ذات بہت بڑی ہے اور اس کی نعمت بہت وسیع ہے (الله تعالٰی ضرور اس کو سو مقبول حج کا ثواب عطا فرمائیں گے اور الله تعالیٰ کا ثواب تمہارے گمان سے زیادہ ہے)۔“

نوٹ: مذکورہ بالا ثواب ان اولاد کے لئے ہے جو اپنے والدین کے مطیع وفرماں بردار ہو اور ان کے دل میں اپنے ماں باپ کی پوری محبّت وعظمت ہو۔


Check Also

ماہِ رمضان کے سنن و آداب- ۱

(۱) رمضان سے پہلے ہی رمضان کی تیاری شروع کر دیں۔ بعض بزرگانِ دین رمضان کی تیاری رمضان سے چھ ماہ قبل شروع فرما دیتے تھے...