اللہ تعالیٰ کی رحمت کا ڈھانپ لینا

عن أنس رضي الله عنه عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: إن لله سيارة من الملائكة يطلبون حلق الذكر فإذا أتوا عليهم حفوا بهم ثم بعثوا رائدهم إلى السماء إلى رب العزة تبارك وتعالى فيقولون ربنا أتينا على عباد من عبادك يعظمون آلاءك ويتلون كتابك ويصلون على نبيك صلى الله عليه وسلم ويسئلونك لآخرتهم وديناهم فيقول تبارك وتعالى: غشوهم رحمتي فيقولون يا رب إن فيهم فلانا الخطاء إنما اغتبقهم اغتباقا فيقول تبارك وتعالى: غشوهم رحمتي فهم الجلساء لا يشقى بهم جليسهم (مسند البزار، الرقم: 6494 وسنده حسن كما في القول البديع صـ 267)

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ بے شک اللہ تعالیٰ کے کچھ فرشتے ہیں، جو ذکر کی مجلسوں کی تلاش میں پھرتے رہتے ہیں اور جب وہ ان کے پاس (ذاکرین کی مجلسوں میں) پہونچتے ہیں، تو وہ ان کو ڈھانپ لیتے ہیں، پھر وہ اپنے قائد کو اللہ رب العزت کی بارگاہ میں آسمان کی طرف بھیجتے ہیں۔ وہ فرشتے اللہ تعالیٰ سے عرض کرتے ہیں: اے ہمارے رب! ہم آپ کے ایسے بندوں کے پاس پہونچے ہیں، جو آپ کی نعمتوں کی بڑائی بیان کرتے ہیں، آپ کی کتاب کی تلاوت کرتے ہیں، آپ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں اور آپ سے دنیا اور آخرت کی بھلائی کی بھیک مانگتے ہیں، تو اللہ تعالیٰ ان سے فرماتے ہیں: ان کو میری رحمت سے ڈھانپ لو۔ فرشتے کہتے ہیں: اے پروردگار! ان کے درمیان فلاں گنہگار بھی ہے۔ وہ اس مجلس میں بس اخیر میں پہونچا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرشتوں سے فرماتے ہیں: ان سب کو میری رحمت سے ڈھانپ لو؛ اس لیے وہ سب ایسے لوگ ہیں کہ ان کا ہم نشین محروم نہیں رہ سکتا ہیں (میری رحمت سے)۔

کثرت سے درودِ پاک پڑھنا

ابو سلیمان محمد بن الحسین حرانی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ ہمارے پڑوس میں ایک صاحب تھے کہ جن کا نام فضل تھا، بہت کثرت سے نماز وروزہ میں مشغول رہتے تھے۔

انہوں نے بیان کیا کہ میں حدیث لکھا کرتا تھا؛ لیکن اس میں درود شریف نہیں لکھتا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب تو میرا نام لکھتا ہے یا لیتا ہے، تو درود شریف کیوں نہیں پڑھتا (اس کے بعد انہوں نے درود کا اہتمام شروع کر دیا)۔

اس کے کچھ دنوں بعد حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی خواب میں زیارت کی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تیرا درود میرے پاس پہنچ رہا ہے۔ جب میرا نام لیا کرے، تو صلی اللہ علیہ وسلم کہا کر۔ (فضائل درود، ۱۶۲)

يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

Source: http://whatisislam.co.za/index.php/durood/item/619-enveloped-in-the-mercy-of-allah  , http://ihyaauddeen.co.za/?p=5313

 

Check Also

فرشتوں کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو درود شریف کی اطلاع ملنا

عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من …