موت سے پہلے جنت میں ٹھکانہ نظر آنا

عن أنس بن مالك رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من صلى علي في يوم الجمعة ألف مرة لم يمت حتى يرى مقعده من الجنة (أخرجه ابن شاهين بسند ضعيف كذا في القول البديع صـ 397)

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن مجھ پر ایک ہزار مرتبہ درود بھیجے، تو اس کو اس وقت تک موت نہیں آئےگی؛ جب تک کہ وہ جنت میں اپنا ٹھکانہ نہ دیکھ لے۔

درود شریف کی کثرت کی وجہ سے نجات

ایک شخص ابو حفص کاغذی رحمہ اللہ کو (جو کہ ایک انتہائی نیک آدمی تھے) ان کی وفات کے بعد خواب میں دیکھا، تو ان سے سوال کیا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے ساتھ کیسا معاملہ فرمایا؟ انہوں نے جواب دیا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ پر رحم فرمایا، میری مغفرت فرما دی اور مجھے جنت میں داخل فرمایا۔

ان سے دریافت کیا گیا کہ کس عمل کی وجہ سے یہ مرتبہ حاصل ہوا؛ انہوں نے جواب دیا کہ جب میں اللہ تعالیٰ کے سامنے کھڑا ہوا، تو اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو حکم دیا کہ وہ میرے اعمال کو شمار کریں۔

فرشتوں نے میرے گناہوں کو شمار کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر میرے بھیجے ہوئے درود کو شمار کیا، تو انہوں نے درود کی تعداد گناہوں سے زیادہ پائی، تو اللہ تعالیٰ نے ان سے فرمایا: اے میرے فرشتوں! بس اتنا کافی ہے۔ (اب) اس کا حساب مت لو اور اس کو میری جنت میں لے جاؤ۔

درخت کا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام کرنا

حضرت یعلیٰ بن مرّہ ثقفی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:

ایک مرتبہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ دورانِ سفر ہم نے ایک جگہ قیام کیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس جگہ آرام فرمانے لگے۔

کچھ دیر کے بعد ایک درخت زمین کو چِیرتا ہوا آیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے سایہ میں ڈھانپ لیا، پھر وہ اپنی جگہ واپس چلا گیا۔

جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیدار ہوئے، تو میں نے یہ تعجب خیز واقعہ بیان کیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس درخت نے اللہ تعالیٰ سے اجازت طلب کی تھی؛ تاکہ وہ میرے پاس آ کر سلام کرے، تو اللہ تعالیٰ نے اس کو اجازت دی (کہ وہ میرے پاس آئے اور مجھے سلام کرے)۔ (مسند احمد، الرقم: ۱۷۵۶۵ ؛ القول البديع ص ۱۶۲)

يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

 Source: Link: http://whatisislam.co.za/index.php/durood/item/569-salvation-through-the-abundant-recitation-of-durood

http://ihyaauddeen.co.za/?p=4047

Check Also

درود شریف کی برکت سے تمام دنیوی اور دینی ضرورتوں کی کفایت

عن محمد بن يحيى بن حبان عن أبيه عن جده رضي الله عنه أن رجلا قال يا رسول الله صلى الله عليه وسلم أجعل ثلث صلاتي عليك قال نعم إن شئت قال الثلثين...