
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی اطاعت
ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تشریف لے گئے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو بیٹھنے کا حکم دیا۔ جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مسجد میں موجود تھے، وہ فوراً بیٹھ گئے۔
اس وقت حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ مسجد سے باہر تھے؛ لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم سن کر وہ مسجد میں داخل ہوئے بغیر فوراً وہیں بیٹھ گئے یعنی انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ یہ حکم صرف ان لوگوں کے لیے تھا، جو مسجد میں تھے۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے ہمیشہ موت کو اپنے سامنے رکھا؛ چناں چہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے سوچا کہ اگر مسجد میں داخل ہونے سے پہلے ہی میرا انتقال ہو جاتا، تو کل قیامت کے دن اگر اللہ تعالیٰ مجھ سے سوال کریں کہ جب تم نے میرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم سنا کہ انہوں نے تم کو بیٹھنے کا حکم دیا ہے، تو تم نے ان کی اطاعت کیوں نہیں کی؟ چناں چہ اسی خیال سے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فوراً وہیں بیٹھ گئے۔
جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں مسجد کے باہر بیٹھے ہوئے دیکھا، تو آپ نے فرمایا: اے ابن مسعود! اندر آ جاؤ۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے صحابہ کرام کی اطاعت وفرماں برداری کا یہی درجہ تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے دلوں میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے جو محبت اور عقیدت تھی، وہ سب سے اعلی درجے کی محبت اور عقیدت تھی۔
درود وسلام بھیجنے کا فریضہ
جس طرح مومن کو چاہیئے کہ وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے محبت، عقیدت اور اطاعت کا فریضہ ادا کرے، اسی طرح اسے چاہیئے کہ وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر درود وسلام بھیجنے کا فریضہ بھی ادا کرے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے دن مجھ سے سب سے زیادہ قریب وہ لوگ ہوں گے، جنہوں نے (دنیوی زندگی میں) مجھ پر سب سے زیادہ درود بھیجا۔
مومن کو چاہیئے کہ وہ روزانہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجے؛ البتہ جمعہ کے دن اس کو زیادہ سے زیادہ درود بھیجنا چاہیئے؛ کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں جمعہ کے دن زیادہ سے زیادہ درود بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ہر جمعہ کے دن مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو؛ کیوں کہ ہر جمعہ کے دن میرے سامنے میری امت کا درود پیش کیا جاتا ہے؛ چناں چہ جو شخص مجھ پر سب سے زیادہ درود بھیجےگا، تو (قیامت کے دن) وہ مجھ سے مقام ومرتبہ کے لحاظ سے سب سے نزدیک ہوگا۔
Alislaam.com – اردو हिन्दी ગુજરાતી