قیامت کے دن حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کا علماء کے امام ہونا

قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: معاذ بن جبل يجيء يوم القيامة أمام العلماء برتوة (أي: بميل – يكون إمام علماء هذه الأمة وتكون منزلته فوق منزلتهم) (المعجم الصغير، الرقم: ٥٥٦)

ایک مرتبہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

معاذ بن جبل قیامت کے دن (اس امت کے) تمام علماء سے ایک میل آگے ہو کر چلتے ہوئے آئیں گے (یعنی قیامت کے دن حضرت معاذ اس امت کے علماء کے امام ہوں گے اور ان کا مقام ومرتبہ دوسرے علماء کے مقام ومرتبہ سے زیادہ بلند ہوگا)۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن کا گورنر مقرر کرنا

جب رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے حضرت معاذ رضی الله عنہ کو یمن روانہ فرمایا، تو ان کو روانہ کرنے سے پہلے آپ صلی الله علیہ وسلم نے ان سے پوچھا کہ جب تم مسلمانوں کے معاملات میں فیصلہ کروگے، تو کیا طریقہ اختیار کروگے؟

حضرت معاذ رضی الله عنہ نے جواب دیا: میں قرآن کے مطابق فیصلہ کروں گا۔

پھر نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے ان سے پوچھا: اگر قرآن میں کسی مسئلے کا حکم نہ ملے، تو تم کیا کروگے؟

انہوں نے جواب دیا: میں رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی احادیث کی طرف رجوع کروں گا (اور پھر اسی کے مطابق فیصلہ کروں گا)۔

اس کے بعد آپ صلی الله علیہ وسلم نے ان سے پوچھا: اگر تم کو احادیث میں بھی اس مسئلے کا حکم نہ ملے، تو تم کیا کروگے؟

انہوں نے جواب دیا: میں اجتہاد کروں گا (یعنی میں اپنی سمجھ اور غور سے صحیح فیصلہ کرنے کی کوشش کروں گا)۔

یہ سن کر نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: تمام تعریفیں الله کے لیے ہیں، جس نے رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے قاصد کو (یعنی حضرت معاذ رضی الله عنہ کو) صحیح راستہ دکھایا۔ (سنن الترمذی، الرقم: ۱۳۲۷)

نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے حضرت معاذ رضی الله عنہ کو روانہ کے وقت جو سوالات کئے، اس سے نبی صلی الله علیہ وسلم کا مقصد یہ تھا کہ لوگ حضرت معاذ رضی الله عنہ کے صحیح جواب سن کر ان کی صلاحیت اور اہلیت کو پہچان لیں اور ان پر اعتماد کریں۔ رسول الله صلی الله علیہ وسلم چاہتے تھے کہ یمن کے لوگ اپنے دینی معاملات میں حضرت معاذ رضی الله عنہ کی طرف رجوع کریں اور وہ ان پر پورا اعتماد کر کے ان کی اتباع کریں۔ (الکوکب الدری ۲/٣٤٤)

Check Also

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن روانہ کرنا

كتب رسول الله صلى الله عليه وسلم إلى أهل اليمن: إني قد بعثت إليكم من …