
علماء نے اس جگہ صلوۃ علی النبی کے بہت سے معنی لکھے ہیں۔ ہر جگہ جو معنی اللہ تعالٰی شانہ اور فرشتوں اور مومنین کے حال کے مناسب ہوں گے، وہ مراد ہوں گے۔
بعض علماء نے لکھا ہے کہ صلوۃ علی النبی کا مطلب نبی کی ثناء وتعظیم رحمت وعطوفت کے ساتھ کرنا ہے۔ پھر جس کی طرف یہ صلوٰۃ منسوب ہوگی، اسی کے شان ومرتبہ کے لائق ثناء وتعظیم کرنا مُراد لی جائے گی۔
حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمۃ اللہ علیہ نے مندرجہ ذیل مثال سے اس کی وضاحت فرمائی ہے:
ہم کہتے ہیں کہ باپ اپنے بیٹے پر مہربان ہوتا ہے یا بیٹا اپنے باپ پر مہربان ہوتا ہے یا بھائی اپنے بھائی پر مہربان ہوتا ہے؛ تو ظاهر ہے کہ جس طرح کی مہربانی باپ کی بیٹے پر ہے، اُس نوع کی مہربانی بیٹے کی باپ پر نہیں ہوگی اور بھائی کی مہربانی بھائی پر دونوں باپ اور بیٹے کی مہربانی سے جدا ہے۔
یہاں بھی ایسا ہی معاملہ ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر صلاۃ بھیجتے ہیں یعنی رحمت اور شفقت کے ساتھ اللہ تعالیٰ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اعزاز واکرام فرماتے ہیں۔ فرشتے بھی صلاۃ بھیجتے ہیں؛ لیکن فرشتوں کا صلاۃ بھیجنا ان کے مقام اور مرتبے کے لحاظ سے ہوگا۔ اس کے بعد مومنین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مقام کے مطابق حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر صلاۃ بھیجیں۔
روح البیان کے مصنف لکھتے ہیں:
بعض علماء نے لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے صلاۃ علی النبی سے مراد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مقامِ محمود تک پہنچاتے ہیں یعنی آپ کو مقامِ شفاعت عظمیٰ پر پہنچاتے ہیں جب آپ قیامت کے دن پوری امت (اور پوری مخلوق) کے لیے سفارش کریں گے۔
فرشتوں کی طرف سے صلاۃ علی النبی سے مراد یہ ہے کہ فرشتے اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے درجات خوب بلند فرمائے۔
مومنین کی طرف سے صلاۃ علی النبی سے مراد یہ ہے کہ مومنین آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اتباع کریں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کریں (درود وسلام وغیرہ پڑھنے سے) اور آپ صلی اللہ علی وسلم کی بہترین تعریف کریں۔
حضرت مولانا فضل الرحمن گنج مرادآبادی رحمۃ اللہ علیہ نے صلاۃ علی النبی کا مطلب یہ بیان کیا تھا کہ اللہ تعالی حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر خصوصی محبت فرماتے ہیں۔
حضرت مفتی محمود حسن گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ نے بیان کیا کہ صلاۃ علی النبی کا خلاصہ اللہ تعالیٰ سے مانگنا اور التجا کرنا ہے کہ وہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر اپنی کامل اور خصوصی رحمت اور دونوں جہانوں کی سلامتی نازل فرمائے۔
Alislaam.com – اردو हिन्दी ગુજરાતી