اسلام قبول کرنے کا طریقہ

جو شخص اسلام  قبول کرنا چاہے، تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ گواہی دے کہ اللہ  تعالیٰ تمام مخلوق کے معبودِ حقیقی ہیں اور وہ اپنی ذات و صفات میں تنہا ہیں اور اس کا کوئی شریک نہیں ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالٰی کے بندے اور آخری پیغمبر ہیں، اسی طرح وہ اسلام کے تمام عقائد کی تصدیق کرے اور دین کی ان تمام چیزوں کو قبول کرے جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم لے کر آئے۔ اس کے علاوہ یہ بھی ضروری ہے کہ کفر اور شرک کے تمام شعائر، عقائد،کاموں اور چیزوں سے اظہارِ براءت کرے اور اسلام کے علاوہ تمام مذہب کا انکار کرے اور ان کو باطل سمجھے، خصوصًا جس مذہب پر وہ تھا اس سے توبہ و استغفار اور براءت کا اظہار کرے۔

بہتر ہے کہ اسلام لانے سے پہلے غسل کر کے اچھی طرح طہارت حاصل کرے۔ پھر صدقِ دل سے کلمۂ شہادت پڑھے۔

کلمۂ شہادت یہ ہے:

أَشْهَدُ أَنْ لَّا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ وَ أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُوْلُهُ

میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ  تعالیٰ کے سوا  کوئی عبادت کے لائق نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے بندے اور پیغمبر ہیں ۔

اسلام کے بنیادی عقائد مندرجہ ذیل ہیں:

۱) اللہ تعالیٰ ایک ہیں اور ان کا کوئی شریک نہیں، وہ تمام چیزوں کے جاننے والے ہیں اور مخلوق کی چیزوں میں سے کوئی چیز ان پر مخفی نہیں ہے۔

۲) اللہ تعالیٰ اپنی ذات اور صفات میں یکتا اور اکیلے ہیں اور وہ مخلوق کی صفات سے پاک ہیں۔

۳) حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے سچے بندے اور آخری پیغمبر ہیں اور آپ قیامت تک کے تمام انسان اور جنات کی ہدایت کے لئے مبعوث ہوئے ہیں۔

۴) آسمانی کتابوں میں سے آخری کتاب قرآن شریف ہے جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی، اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف کی حفاظت کی ضمانت اور ذمہ داری لی ہے، لہٰذا قیامت تک اس کتاب میں کوئی تبدیلی اور تحریف نہیں ہوگی۔ یہ بات مذہبِ اسلام کی صداقت کی بیّن دلیل ہے۔

۵) اللہ تعالیٰ نے جتنے انبیاء اور رسولوں کو دنیا میں مبعوث فرمایا وہ سب اللہ تعالیٰ کے نیک اور سچے پیغمبر ہیں اور جو کتابیں اور صحیفے اللہ تعالیٰ نے ان کو اپنی قوم کی ہدایت کے لئے عطا فرمائے وہ کتابیں اور صحیفے برحق ہیں، بشرطیکہ وہ اسی صورت پر قائم ہوں، جس صورت پر نازل کئے گئے تھے اور آسمانی کتابوں میں جو باتیں لوگوں نے بدل دیں یا اپنی طرف سے جو بڑھا دیں وہ سب باتیں باطل ہیں۔

۶) جنت اور جہنم کو اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمایا اور دونوں برحق ہیں جو لوگ اسلام قبول کریں گے اللہ تعالی ان کو جنت نصیب فرمائیں گے اور جو لوگ کفر اور شرک کی حالت میں مریں گے اللہ تعالیٰ ان کو جہنم میں داخل کریں گے۔

۷) دنیا میں جو کچھ اچھا یا برا ہوتا ہے ساری باتیں سب تقدیر میں لکھی ہوئی ہیں۔

۸) تمام فرشتے اللہ تعالیٰ کے فرماں بردار بندے ہیں۔

۹) قیامت کے دن اللہ تعالیٰ تمام مخلوق کو زندہ کر کے میدانِ حشر میں حساب کے لئے جمع کریں گے دنیا میں جن لوگوں نے ایمان کے ساتھ اچھے کام کئے  اللہ تعالیٰ ان کو اچھا بدلہ عطا فرمائیں گے اور جن مسلمانوں نے برے کام کئے یا تو اللہ تعالیٰ ان کو معاف کریں گے یا ان کو برائی کی سزا دیں گے۔

۱۰) جو لوگ اسلام قبول نہ کرے اور کفر کی حالت میں مرے وہ ہمیشہ کے لئے جہنم میں رہیں گے اگر دنیا میں انہوں نے کوئی اچھا کام کیا یا مخلوقِ الہٰی پر احسان کیا یا خیرات کی تو اللہ تعالیٰ ان کو ان کے اچھے کام کا بدلہ دنیا ہی میں دے دیں گے اور ایمان نہ ہونے کی وجہ سے آخرت میں ان کو کسی نیکی کا  ثواب نہیں ملے گا۔

۱۱) اسلام کے علاوہ تمام مذاہب باطل ہیں اور اللہ تعالیٰ کے یہاں صرف مذہبِ اسلام برحق اور مقبول ہے۔

اس کے علاوہ نو مسلم کے لئے ضروری ہے کہ وہ کسی عالم یا دین کے جاننے والے کے پاس جائے اور ان سے دین کے احکام اور مسائل سیکھے۔ مثلاً استنجا وضو، غسل، نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج، ماں باپ اور بیوی بچوں کے حقوق اور جس ہنر، پیشہ یا تجارت کی لائن میں ہو اس لائن کے مسائل بھی ان سے سیکھے۔

Check Also

امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی ذمہ داری – نویں قسط

چار ذمہ داریاں – دین کے تحفظ کی بنیاد دنیا میں دین قائم کرنے کے …