
مصیبت زدہ لوگوں کے ساتھ تعزیت
اسلام ایک جامع اور مکمل طرز زندگی ہے۔ اس میں انسان کی ہر ضرورت کا خیال رکھا گیا ہے؛ چناں چہ اسلام نے ہمیں صرف یہ نہیں سکھایا کہ ہم کیسے انسان کے ساتھ اس کی زندگی میں بھلائی والا سلوک ومعاملہ کریں؛ بل کہ ہمیں یہ بھی سکھایا ہے کہ انسان کی موت کے بعد ہم کس طرح اس کے ساتھ بھلائی والا سلوک ومعاملہ کریں۔
لہذا حضرت رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے اپنی اعلیٰ تعلیمات اور اسوہ حسنہ کے ذریعے امت کو سکھایا ہے کہ وہ مصیبت زدہ لوگوں کے ساتھ کس طرح تعزیت کرے اور انہیں کس طرح تسلی دے۔
چناں چہ ایک حدیث میں آیا ہے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کسی مصیبت زدہ آدمی کو تسلی دے، تو اس کو مصیبت زدہ آدمی کے ثواب کی طرح ثواب ملےگا (یعنی وہ ثواب جو مصیبت زدہ آدمی کو مصیبت کے وقت صبر کرنے پر ملےگا، تعزیت کرنے والے کو بھی ثواب ملےگا)۔ (سنن الترمذی، الرقم: ۱۰۷۳)
ایک اور حدیث میں وارد ہے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جو بھی مومن اپنے مسلمان بھائی کے ساتھ مصیبت کے وقت تعزیت کرے، تو الله تعالیٰ قیامت کے دن اس کو عزت کا لباس پہنائیں گے۔ (سنن ابن ماجہ، الرقم: ۱۶۰۱)
Alislaam.com – اردو हिन्दी ગુજરાતી