حضرت بلال رضی اللہ عنہ – حبشیوں میں سب سے پہلے مسلمان‎ ‎

عن سيدنا أنس رضي الله عنه أنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: السباق (أقوامهم إلى الإسلام) أربعة: أنا سابق العرب (جئتنهم بالإسلام)، وسلمان سابق الفرس (إلى الإسلام)، وبلال سابق الحبشة (إلى الإسلام)، وصهيب سابق الروم (إلى الإسلام) (المستدرك، الرقم: ٥٢٤٣)

حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

چار لوگ ایسے ہیں کہ انہوں نے (اسلام قبول کرنے میں اپنی قوم سے) سبقت کی۔

میں عربوں میں سب سے پہلے ہوں؛ (کیوں کہ میں نے ان کے پاس دینِ اسلام لایا ہوں)۔ سلمان فارسیوں میں (اسلام قبول کرنے میں) سب سے پہلے ہیں۔ بلال حبشیوں میں (اسلام قبول کرنے میں) سب سے پہلے ہیں اور صہیب رومیوں میں (اسلام قبول کرنے میں) سب پہلے ہیں۔

اسلام پر حضرت بلال حبشی رضی الله عنہ کی ثابت قدمی

حضرت بلال حبشی رضی الله عنہ مشہور صحابی ہیں، جو مسجد نبوی کے ہمیشہ موذّن رہے۔ شروع میں ایک کافر کے غلام تھے۔ اسلام لے آئے، جس کی وجہ سے طرح طرح کی تکلیفیں دیئے جاتے تھے۔

امیہ بن خلف، جو مسلمانوں کا سخت دشمن تھا، ان کو سخت گرمی میں، دوپہر کے وقت تپتی ہوئی ریت پر سیدھا لٹا کر ان کے سینہ پر پتھر کی بڑی چٹان رکھ دیتا تھا؛ تاکہ وہ حرکت نہ کر سکیں اور کہتا تھا کہ یا اس حال میں مر جائیں اور زندگی چاہیں، تو اسلام سے ہٹ جائیں؛ مگر وہ اس حالت میں بھی اَحَد اَحَد کہتے تھے یعنی معبود ایک ہی ہے۔

رات کو زنجیروں میں باندھ کر کوڑے لگائے جاتے اور اگلے دن ان زخموں کو گرم زمین پر ڈال کر اور زیادہ زخمی کیا جاتا؛ تاکہ بے قرار ہو کر اسلام سے پھر جاویں یا تڑپ تڑپ کر مر جائیں۔

عذاب دینے والے اُکتا جاتے۔ کبھی ابو جہل کا نمبر آتا، کبھی امیہ بن خلف کا، کبھی اوروں کا اور ہر شخص اس کی کوشش کرتا کہ تکلیف دینے میں زور ختم کر دے۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی الله عنہ نے اس حالت میں دیکھا، تو ان کو خرید کر آزاد فرمایا۔

چونکہ عرب کے بت پرست اپنے بتوں کو بھی معبود کہتے تھے، اس لیے ان کے مقابلہ میں اسلام کی تعلیم توحید کی تھی، جس کی وجہ سے حضرت بلال رضی الله عنہ کی زبان پر “ایک ہی ایک” کا ورد تھا۔ یہ تعلق اور عشق کی بات ہے۔ (فضائلِ اعمال، حکایاتِ صحابہ، ص ۱۷-۱۸)

Check Also

حضرت سعید بن زید رضی اللہ عنہ کے غسل میں حضرت سعد بن ابی وقاص اور حضرت عبد اللہ بن عمر ‏رضی اللہ عنہم کی شرکت‎

لما توفي سيدنا سعيد بن زيد رضي الله عنه، كان سيدنا سعد بن أبي وقاص  …