حضرت عبد الرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا‎

خاطب رسول الله صلى الله عليه وسلم الأزواج المطهرات مرة فقال: إن الذي يحنو عليكن بعدي لهو الصادق البار

ثم دعا رسول الله صلى الله عليه وسلم لسيدنا عبد الرحمن بن عوف رضي الله عنه قائلا: اللهم اسق عبد الرحمن بن عوف من سلسبيل الجنة.

فكان في ذلك إشارة إلى أن سيدنا عبد الرحمن بن عوف رضي الله عنه هو الذي يحنو على الأزواج المطهرات وينفق عليهن بعده صلى الله عليه وسلم. (مسند أحمد، الرقم: 26559)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ اپنی ازواج مطہرات کو مخاطب کر کے فرمایا: بے شک جو شخص میری وفات کے بعد تم سب پر احسان کرےگا، وہ یقیناً ایک مخلص اور نیک بندہ ہے۔

اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبد الرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کے لیے خصوصی دعا فرمائی: اے اللہ! جنت میں عبد الرحمٰن کو سلسبیل نہر سے سیراب فرما۔

اس میں اس بات کی طرف اشارہ تھا کہ حضرت عبد الرحمٰن رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد آپ کی ازواج مطہرات پر احسان کریں گے اور ان پر خرچ کریں گے۔

حضرت عبد الرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کی سخاوت

مِسور بن مَخرَمہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:

حضرت عبد الرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ نے ایک دفعہ انگور کا ایک باغ چالیس ہزار دینار میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے فروخت کیا۔

جب حضرت عبد الرحمٰن رضی اللہ عنہ نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے رقم وصول کی، تو انہوں نے فوراً اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات، مہاجرین، اپنے قبیلے (یعنی بنو زہرہ) کے لوگ اور غریب مسلمانوں میں تقسیم کر دیا۔

حضرت مسور رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گیا (ان کو وہ رقم دینے کے لیے، جو حضرت عبد الرحمٰن رضی اللہ عنہ نے ان کے لیے مقرّر کی تھی)۔

جب میں نے اس رقم کو ان کے حوالے کی، تو انہوں نے پوچھا کہ یہ مال میرے لیے کس نے بھیجا ہے؟ میں نے جواب دیا: عبد الرحمٰن بن عوف۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری وفات کے بعد صرف وہی لوگ تم پر احسان کریں گے، جو استقامت کے ساتھ (دین پر) قائم رہیں گے۔

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے پھر حضرت عبد الرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کے لیے وہی دعا فرمائی، جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں ان کے لیے فرمائی تھی: اے اللہ! جنت میں ابن عوف کو (یعنی حضرت عبد الرحمٰن بن عوف کو) سلسبیل نہر سے سیراب فرما۔ (مستدرک علی الصحیحین، الرقم: ۵۴۴۴)

نوٹ: آج کل چالیس ہزار دینار کی قیمت تقریباً ۲۰۰ ملین رینڈ ہے۔

Check Also

حضرت عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کے لیے جنت کی بشارت

ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبد الرحمن بن عوف رضی …