رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم زلف

قال سيدنا طلحة رضي الله عنه: كان النبي صلى الله عليه وسلم إذا رآني قال: (أنت) سِلْفي (عديلي) في الدنيا وسِلْفي في الآخرة (الأحاديث المختارة، الرقم: ٨٤٩)

حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے دیکھتے، تو آپ (بسا اوقات) فرماتے: (تم) دنیا اور آخرت (یعنی جنت میں) میرے ہم زُلف (ساڑھو) ہو۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم زلف 

حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ کی چار بیویاں تھیں۔ ان کی چار بیویوں میں سے ہر ایک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہرات میں سے کسی ایک کی بہن تھیں۔

یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: (تم) دنیا اور آخرت میں میرے ہم زلف ہو (یعنی جنت میں بھی تم میرے ہم زلف ہوگے)۔

اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام ازواجِ مطہرات کو منتخب کیا تھا کہ وہ اس دنیا میں آپ کی پاک بیویاں ہوں گی اور اللہ تعالیٰ نے یہ بھی فیصلہ کیا تھا کہ وہ آخرت (یعنی جنت) میں بھی آپ کی پاک بیویاں  ہوں گی؛ چناں چہ اس حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارہ فرمایا ہے کہ حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ کی بیویاں آخرت میں بھی ان کی بیویاں ہوں گی۔

لہذا حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ دنیا اور آخرت میں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم زلف (ساڑھو) ہیں۔

حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ کے نکاح میں مندرجہ ذیل خواتین تھیں، جو ازواج مطہرات میں سے چار کی بہنیں تھیں:

۱۔ ام کلثوم بنت ابی بکر صدیق، جو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی بہن تھیں۔

۲۔ حمنہ بنت جحش، جو حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا کی بہن تھیں۔

۳۔ فریحہ بنت ابی سفیان، جو حضرت ام حبیبہ بنت ابی سفیان رضی اللہ عنہا کی بہن تھیں۔

۴۔ رقیہ بنت ابی امیہ، جو ام سلمہ بنت ابی امیہ رضی اللہ عنہا کی بہن تھیں۔

(الاصابہ ۳/۴۳۲)

Check Also

حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ کے لیے جنت کی بشارت

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: طلحة في الجنة (أي: هو ممن …