عن أبي بردة بن نيار رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلي الله عليه وسلم: من صلى علي من أمتي صلاة مخلصا من قلبه صلى الله عليه بها عشر صلوات ورفعه بها عشر درجات وكتب له بها عشر حسنات ومحا عنه عشر سيئات (السنن الكبرى للنسائى، الرقم: 9809، ورواته ثقات كما في فتح الباري 11/167)
حضرت ابو بردہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: میری امت میں سے جو شخص دل سے اخلاص کے ساتھ مجھ پر ایک درود بھیجتا ہے، الله تعالیٰ اس کے بدلہ اس پر دس درود (رحمت) بھیجتے ہیں، اس کے دس درجات بلند کرتے ہیں، اس کے لیے دس نیکیاں لکھتے ہیں اور اس کے دس گناہوں کو مٹاتے ہیں۔
روزانہ کثرت سے درود شریف پڑھنا
ابو الفضل قومانی رحمہ الله کہتے ہیں کہ ایک شخص خراسان سے میرے پاس آیا اور اس نے یہ بیان کیا کہ میں مدینہ پاک میں تھا، میں نے حضورِ اقدس صلی الله علیہ وسلم کی خواب میں زیارت کی، تو حضور صلی الله علیہ وسلم نے مجھ سے یہ ارشاد فرمایا: جب تو ہمدان جائے، تو ابو الفضل بن زیرک رحمہ الله کو میری طرف سے سلام کہہ دینا۔
میں نے عرض کیا: یا رسول الله صلی الله علیہ وسلم یہ کیا بات ہے! تو حضور صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ وہ مجھ پر روزانہ سو مرتبہ یا اس سے بھی زیادہ یہ درود پڑھا کرتا ہے:
ألّلهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ وَعَلى آلِ مُحَمَّدٍ جَزَى اللهُ مُحَمَّدًا صَلَّى اللهُ عَلَيهِ وَسَلَّمَ عَنَّا مَا هُوَ أَهْلُهُ
اے الله! محمد صلی الله علیہ وسلم جو نبی امیّ ہے اور ان کی آل (اہلِ بیت) پر درود بھیج۔ الله تعالیٰ محمد صلی الله علیہ وسلم کو ہماری طرف سے ایسا بدلہ عطا فرمائے جس کے وہ مستحق ہیں۔
ابو الفضل رحمہ الله کہتے ہیں کہ اس شخص نے قسم کھائی کہ وہ مجھے یا میرے نام کو حضورِ اقدس صلی الله علیہ وسلم کے خواب میں بتانے سے پہلے نہیں جانتا تھا۔
ابو الفضل رحمہ الله کہتے ہیں کہ میں نے اس کو کچھ غلہّ دینا چاہا، تو اس نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ میں حضورِ اقدس صلی الله علیہ وسلم کے پیام کو بیچتا نہیں (یعنی اس کا کوئی معاوضہ نہیں لیتا)۔
ابو الفضل رحمہ الله کہتے ہیں کہ اس کے بعد پھر میں نے اس شخص کو نہیں دیکھا۔ (فضائلِ درود، ص ۷۷)
يَا رَبِّ صَلِّ وَ سَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ
Source: http://ihyaauddeen.co.za/?p=5353