انصار کے لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصی دعا ‏

اللهم اغفر للأنصار، ولأبناء الأنصار، وأبناء أبناء الأنصار (صحيح مسلم، الرقم: ۲۵٠٦)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار کے لیے خصوصی دعا فرمائی

”اے اللہ، انصار کی مغفرت فرما، انصار کی اولاد کی مغفرت فرما اور انصار کی اولاد کی اولاد کی مغفرت فرما۔“ (صحیح مسلم، الرقم: ۲۵۰۶)

صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی قربانی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا مکان شروع میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم (کے مکان) سے ذرا دور تھا۔ ایک مرتبہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے (حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے) ارشاد فرمایا کہ میرا دل چاہتا تھا کہ تمہارا مکان تو (میرے مکان سے) قریب ہی ہو جاتا۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا کہ حارثہ رضی اللہ عنہ کا مکان آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے (مکان سے) قریب ہے، ان سے فرما دیں کہ میرے مکان سے بدل لیں۔ حضو ر صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ان سے پہلے بھی تبادلہ ہو چکا ہے، اب تو شرم آتی ہے (یعنی اس سے پہلے انہوں نے میری درخواست پر اپنا ایک مکان بدل لیا، اب تو مجھے شرم آتی ہے کہ میں دوبارہ ان سے پوچھوں)۔

حارثہ رضی اللہ عنہ کو اس کی اطلاع ہوئی فوراً حاضر ہو کر عرض کیا: یا رسول اللہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ آپ فاطمہ رضی اللہ عنہا کا مکان اپنے قریب چاہتے ہیں، یہ میرے مکانات موجود ہیں، ان سے زیادہ قریب کوئی مکان بھی نہیں، جو پسند ہو بدل لیں، یا رسول اللہ میں اور میرا مال تو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہی کا ہے، یا رسول اللہ خدا کی قسم ! جو مال آپ لے لیں وہ مجھے زیادہ پسند ہے اس مال سے جو میرے پاس رہے۔

حضور  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: سچ کہتے ہو اور برکت کی دعا دی اور مکان بدل لیا۔ (الطبقات الکبری، فضائل اعمال، حکایت صحابہ، ص ۱۷۲)

Check Also

حضرت زبیر رضی اللہ عنہ کی سخاوت‎ ‎

حدثني مغيث بن سمي قال: كان للزبير بن العوام رضي الله عنه، ألف مملوك يؤدي …