پوری امّت پر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی فضیلت

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

 ”میرے صحابہ کو گالیاں نہ دیا کرو ! قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے، اگر تم میں سے کوئی شخص احد پہاڑ کے برابر سونا خرچ کرے، تو وہ  ثواب میں صحابہ کے ایک مدّ یا آدھے مدّ کے برابر کو نہیں پہنچےگا (ان کے اخلاص اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے)۔“ (ابو داؤد، الرقم: ۴۶۵۸)

حضرت ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ کے دانتوں کا ٹوٹنا

احد کی لڑائی میں جب نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے چہرۂ انور یا سر مبارک میں خود کے دو حلقے گھس گیے تھے، تو حضرت ابو بکر صدیق رضی الله عنہ دوڑے ہوئے آگے بڑھے اور دوسری جانب سے حضرت ابو عبیدہ رضی الله عنہ دوڑے اور آگے بڑھ کر خود کے حلقے دانت سے کھینچنے شروع کیے۔

 ایک حلقہ نکالا، جس سے ایک دانت حضرت ابو عبیدہ رضی الله عنہ کا ٹو ٹ گیا۔ اس کی پروا نہ کی۔ دوسرا حلقہ کھینچا، جس سے دوسرا دانت بھی ٹوٹا؛ لیکن حلقہ وہ بھی کھینچ ہی لیا۔

ان حلقوں کے نکلنے سے حضور صلی الله علیہ وسلم کے پاک جسم سے خون نکلنے لگا، تو حضرت ابو سعید خدری رضی الله عنہ کے والد ماجد مالک بن سنان رضی الله عنہ نے اپنے لبوں سے اس خون کو چوس لیا اور نگل لیا۔

حضور صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس کے خون میں میرا خون ملا ہے، اس کو جہنم کی آگ نہیں چھو سکتی۔ (فضائل اعمال، حکایات صحابہ، ص ۱٦۸)

Check Also

حضرت ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ پر حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا اعتماد‎ ‎

عيّن سيدنا عمر رضي الله عنه قبل موته ستة من الصحابة الكرام رضي الله عنهم …