حج اور عمرہ کی سنتیں اور آداب – ۷‏

عمرہ اور حج ادا کرنے کا طریقہ

عام طور پر لوگ حج تمتع ادا کرتے ہیں (یعنی حج کے مہینوں میں عمرہ ادا کرتے ہیں پھر احرام کھول دیتے ہیں اور جب حج کے دن آتے ہیں تو دوسرا احرام باندھ کر حج ادا کرتے ہیں) اس لئے ذیل میں حج تمتع ادا کرنے کا طریقہ تفصیل سے بیان کیا جا رہا ہے:

احرام

احرام اس حالت کا نام ہے جس میں انسان کے لئے کچھ چیزوں سے بچنا ضروری ہے (جیسے خوشبو لگانا، بال کاٹنا یا سلے ہوئے کپڑے کا پہننا مردوں کے لئے وغیرہ) انسان ان ممنوعاتِ احرام سے پرہیز کرنا ضروری ہے؛ یہاں تک کہ وہ حج یا عمرہ کے افعال مکمل کرے اور حالتِ احرام سے نکل جائے۔

جس شخص کو عمرہ ادا کرنے کا ارادہ ہو، اس کو چاہیئے کہ وہ میقات سے گزرنے سے پہلے احرام میں داخل ہو جائے؛ لہذا اگر کوئی ہوائی جہاز سے سفر کر رہا ہو، تو اس کو چاہیئے کہ وہ ہوائی جہاز میں بیٹھنے سے پہلے احرام باندھ لے یا ہوائی جہاز کے اندر احرام باندھ لے جس وقت ہوائی جہاز میں میقات کے قریب آنے کا اعلان ہو۔

مرد کا احرام

مردوں کے احرام میں دو کپڑے ہوتے ہیں: ایک کپڑے سے جسم کا اوپر والا حصہ ڈھانپا جاتا ہے اور دوسرے کپڑے کو لنگی کی طرح باندھا جاتا ہے؛ تاکہ جسم کا نچلا حصہ چھپ جائے۔ حالتِ احرام میں یہ ضروری ہے کہ قدم کا وہ حصہ جہاں تسمہ باندھا جاتا ہے کھلا رہے (یعنی قدم کے اوپر والا حصہ جہاں ہڈی ابھری ہوئی ہوتی ہے) نیز قدم کے اس اوپر والے حصہ سے اوپر کا حصہ ٹخنوں سمیت بھی کھلا رکھنا ضروری ہے۔

عورت کا احرام

عورتوں کے لئے سلے ہوئے کپڑے جو پورے بدن کو ڈھانپ لے پہننا جائز ہے۔ نیز ان کے لئے ایسے جوتوں کا پہننا بھی جائز ہے جس سے پورا قدم چھپ جائے۔ البتہ عورتیں حالتِ احرام میں چہرہ پر ایسا کپڑا نہ ڈالیں جو چہرہ کو لگے، لیکن عورتوں کو اجنبی مردوں کے سامنے چہرہ کھول کر بے پردہ ہونا منع ہے اس لئے ان کو چاہیئے کہ ٹوپی والا نقاب پہنیں جس کا کپڑا چہرہ کے سامنے معلق ہو اور چہرہ کو نہ لگے۔


Check Also

عدت کی سنتیں اور آداب – ۳

عدت کے دوران ممنوع چیزیں جس عورت کو طلاقِ بائن یا طلاقِ مغلظہ دی گئی …