مکہ مکرمہ کے سنن وآداب
(۱) مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران ہر وقت اس مبارک جگہ کی عظمت اور حرمت کا خیال رکھیں اور یہ بات ذہن میں رکھیں کہ تمام انبیاء علیہم السلام، صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم، تابعین عظام اور اولیاء کرام رحمہم اللہ بکثرت اس مبارک جگہ (مکہ مکرمہ) تشریف لاتے تھے۔
(۲) حرم میں رہتے ہوئے لوگوں کو تکلیف نہ دیں اور حرام چیزوں اور گناہوں سے اپنے دل اور آنکھوں کی حفاظت کریں؛ کیونکہ جو بھی روحانیت آپ حاصل کریں گے، وہ گناہوں کے ارتکاب اور بد نگاہی کی وجہ سے ختم ہو جائےگی۔
(۳) تمام نمازیں مسجدِ حرام میں جماعت کے ساتھ ادا کریں اور جتنا زیادہ ہو سکے طواف کریں، کیونکہ یہ عبادت آپ کسی اور جگہ انجام نہیں دے سکتے ہیں۔
(۴) اپنے عزیزوں، رشتہ داروں اور مرحومین وغیرہم کی طرف سے طواف کریں۔
(۵) مکہ مکرمہ میں کم از کم قرآن پاک کا ایک ختم کریں۔ ایک قرآن پاک مکمل کرنے سے آپ کو ایک لاکھ مرتبہ قرآن پاک مکمل کرنے کا ثواب ملےگا۔
(۶) جن لوگوں نے آپ پر احسان کیا یا آپ کی مدد کی ان کو یاد کریں اور ان کے لئے دعا کریں۔
(۷) جنّت المعلی (مکہ مکرمہ کا قبرستان) کی زیارت کرنے کی کوشش کریں اور وہاں کے مرحومین کے لئے دعا کریں اور ان کے لئے ایصال ثواب کریں۔
(۸) جتنا زیادہ ہو سکے زمزم کا پانی پیئیں اور زمزم کا پانی پیتے وقت خوب دعا کریں، کیونکہ حدیث شریف میں وارد ہے کہ زمزم کا پانی پیتے وقت جو دعا کی جاتی ہے وہ قبول ہوتی ہے۔ [۱]
[۱] حدثنا هشام بن عمار قال حدثنا الوليد بن مسلم قال قال عبد الله بن المؤمل أنه سمع أبا الزبير يقول سمعت جابر بن عبد الله يقول سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول ماء زمزم لما شرب له (سنن ابن ماجه، الرقم: ۳٠٦۲، وسنده جيد كما في كشف الخفاء ۲/۲٠۷)