درود شریف پڑھنے کی برکت سے ضرورتوں کی تکمیل ‏

‎‎وعن أبي هريرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من صلي علي عند قبري سمعته ومن صلى علي نائياً  كفى أمر دنياه وآخرته وكنت له شهيداً وشفيعاً يوم القيامة رواه البيهقي في الشعب والخطيب وابن عساكر كذا في الدر وبسط طرقه السبكي في شفاء الأسقام وفي المواهب وشرحه عزاه إلى ابن أبي شيبة وعبد الرزاق (فضائلِ حج صـ ۱۹۲)‏‏

حضرت اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ ”جو شخص میری قبر کے پاس کھڑا ہو کر مجھ پر درود پڑھتا ہے میں اس کو خود سنتا ہوں اور جو کسی اور جگہ درود پڑھتا ہے تو اس کی دنیا اور آخرت کی ضرورتیں پوری کی جاتی ہیں اور میں قیامت کے دن اس کا گواہ اور اس کا سفارشی ہوں گا۔“

درود شریف کثرت سے لکھنا انتہائی اعلیٰ مقام کے حصول کا ذریعہ

جعفر بن عبد اللہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ

میں نے (مشہور محدّث) حضرت ابو زرعہ کو خواب میں دیکھا کہ وہ آسمان پر ہیں اور فرشتوں کی امامت نماز میں کر رہے ہیں۔

میں نے پوچھا کہ یہ عالی مرتبہ کس چیز سے ملا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے اِس ہاتھ سے دس لاکھ حدیثیں لکھی ہیں اور جب حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا نامِ مبارک لکھتا، تو حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے نامِ نامی پر صلوٰۃ وسلام لکھتا اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جو شخص مجھ پر ایک دفعہ درود  بھیجے اللہ تعالیٰ اس پر دس دفعہ درود (رحمت) بھیجتے ہیں۔

اس حساب سے حق تعالیٰ شانہ کی طرف سے ایک کروڑ درود ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ شانہ کی تو ایک ہی رحمت سب کچھ ہے پھر چہ جائیکہ ایک کروڑ۔ (القول البدیع،ص٤۸۹)

حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ کی خدمت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے

حضرت ابو بکر صدّیق رضی الله عنہ رسولِ کریم صلی الله علیہ وسلم کی معیّت میں سفرِ ہجرت کا واقعہ بیان فرماتے ہیں:

ہم رات بھر چلتے رہے اور دوسرے دن صبح کو بھی؛ یہاں تک کہ ٹھیک دوپہر کا وقت ہو گیا اور راستہ خالی ہو گیا، اس میں کوئی گذرنے والا دِکھائی نہیں دے رہا تھا۔

میں نے اِدھر اُدھر دیکھا کہ کوئی سایہ دار جگہ مل جائے؛ تاکہ ہم وہاں آرام کر سکیں، تو ہمیں ایک بڑی چٹان نظر آیی؛ جہاں ہم دھوپ سے بچنے کے لیے پناہ لے سکیں۔

پھر ہم چٹان کے پاس (اس کے سائے میں آرام کرنے کے لیے) رک گئے اور میں نے اپنے ہاتھوں سے زمین کو ہموار کیا؛ تاکہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم وہاں لیٹ کر آرام کر سکیں۔

پھر میں نے چمڑے کی کھال بچھا دی اور آپ سے کہا کہ یا رسول الله (صلی الله علیہ وسلم)! آپ آرام فرمائیں، میں آپ کے ارد گرد کی جگہوں پر نظر رکھوں گا۔

جب رسول الله صلی الله علیہ وسلم آرام کرنے کے لیے لیٹ گئے، تو میں حالات کا جائزہ لینے کے لیے دیکھنے گیا کہ کیا میں کسی کو دیکھ سکتا ہوں، جو ہمیں ڈھونڈ رہا ہو، تو اسی اثنا میں مجھے ایک چرواہا نظر آیا، جس کے پاس کچھ بکریاں تھیں۔ وہ چٹان کی طرف آرہا تھا؛ تاکہ وہ بھی سائے میں آرام کرے، جیسا کہ ہم آرام کر رہے تھے۔

میں نے اس سے پوچھا کہ تمہارا مالک کون ہے؟ اس نے مجھے مکّہ مکرّمہ کے ایک شخص کا نام بتایا، جس سے میں واقف تھا (چوں کہ اس زمانہ کا دستور تھا کہ جانوروں کے مالکان مسافروں اور راہ گیروں کو اپنے جانوروں کا دودھ پینے کی اجازت دیتے تھے؛ اس لیے حضرت ابو بکر صدّیق رضی الله عنہ نے اس چرواہے سے دودھ مانگا)۔

حضرت ابو بکر صدّیق رضی الله عنہ فرماتے ہیں:

میں نے چرواہے سے سوال کیا کہ کیا تمہاری بکریوں میں دودھ ہے؟

اس نے کہا: ہاں۔

پھر میں نے کہا: کیا تم میرے لیے دودھ نکال سکتے ہو؟

اس نے کہا: ہاں۔

میں نے اس سے کہا کہ آپ اس بات کا اہتمام کریں کہ آپ پہلے بکری کے تھن کو دھو لیں اور انہیں غبار، بال اور دیگر گندگی سے صاف کریں۔

چرواہے نے ایک برتن میں ایک بکری کا دودھ نکالا اور میرے پیالے میں ڈال دیا۔ میں نے اس پیالے میں تھوڑا سا پانی ملایا؛ تاکہ وہ گرم دودھ تھوڑا ٹھنڈا ہو جائے، پھر میں دودھ لے کر رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا۔

میں رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو جگانا نہیں چاہتا تھا اور آپ کی نیند میں خلل نہیں ڈالنا چاہتا تھا؛ لیکن جب میں آپ کے پاس پہونچا، تو میں نے دیکھا کہ آپ بیدار تھے۔ میں نے عرض کیا: اے الله کے رسول! دودھ نوش فرمائیے۔

حضرت ابو بکر صدّیق رضی الله عنہ فرماتے ہیں کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے دودھ نوش فرمایا، جس سے مجھے بہت خوشی ہوئی۔ (بخاری، مسلم)

اس واقعہ سے حضرت ابو بکر رضی الله عنہ کی رسول الله صلی الله علیہ وسلم سے وہ عظیم محبت نظر آتی ہے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو دودھ کا مزہ چکھتے دیکھ کر ان کے دل کو بہت خوشی ہوئی؛ جب کہ وہ خود دودھ نہیں پی رہے تھے اور خود اس سے مزہ نہیں لے رہے تھے۔

یہ محبت ماں کی محبت سے مشابہت رکھتی ہے کہ جب ماں بچے کو کھانا کھاتے ہوئے اور مزہ لیتے ہوئے دیکھتی ہے، تو وہ نظارہ خود اس کے دل کو خوشی دیتا ہے۔

‎يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ‎

Source:

Check Also

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو درود پہنچانے والا فرشتہ

عن عمار بن ياسر رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : إن لله ملكا أعطاه أسماع الخلائق، فهو قائم على قبري إذا مت، فليس أحد يصلي علي صلاة إلا قال : يا محمد صلى عليك فلان ابن فلان...