غفلت کی جگہوں میں درود شریف پڑھنا

عن أبي وائل رضي الله عنه قال: ما شهد عبد الله مجمعا ولا مأدبة فيقوم حتى يحمد الله ويصلي على النبي صلى الله عليه وسلم وإن كان مما يتبع أغفل مكان في السوق فيجلس فيه فيحمد الله ويصلي على النبي صلى الله عليه وسلم (المصنف لابن أبي شيبة، الرقم: ۳٠٤۲۹، ورواته ثقات)

حضرت ابو وائل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ جب بھی کسی مجلس یا دعوت میں شرکت کرتے، تو وہاں سے اٹھنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کی حمد کرتے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے؛ یہاں تک کہ اگر وہ بازار بھی جاتے جہاں (عموماً) لوگ اللہ تعالیٰ کے ذکر سے غافل رہتے ہیں، تو وہاں بیٹھتے اور اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا کرتے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے۔

درود شریف کی برکت سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خصوصی قرب کا حصول

حضرت قاضی عیاض رحمہ اللہ اپنے زمانہ کے نامور محدّث تھے۔ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق اور درود شریف کے فضائل پر ایک کتاب لکھی ہے جس کا نام ”الشفاء بتعریف حقوق المصطفیٰ“ ہے۔

حضرت قاضی عیاض رحمہ اللہ کے بارے میں ایک واقعہ منقول ہے کہ ان کے بھتیجے نے ایک مرتبہ خواب میں دیکھا کہ ان کے چچا، حضرت قاضی عیاض رحمہ اللہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سونے کے تخت پر تشریف فرما ہیں۔

جب انہوں نے اپنے چچا کا یہ عظیم مقام اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ان کا خصوصی قرب دیکھا، تو انہیں بہت تعجّب ہوا۔

جب قاضی عیاض رحمہ اللہ کو اپنے بھتیجے کے خواب کے بارے میں معلوم ہوا اور یہ بھی پتہ چلا کہ اس کو بہت تعجّب ہوا ہے، تو انہوں نے اس کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: اے میرے بھتیجے! میری کتاب ”الشفاء بتعریف حقوق المصطفیٰ“ کو مضبوطی سے پکڑ لو اور اس کو اللہ تعالیٰ کے نزدیک مقبولیت حاصل کرنے کا ذریعہ بناؤ۔

اِس طریقہ سے قاضی عیاض رحمہ اللہ نے اپنے بھتیجے کے سامنے واضح کر دیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا خصوصی قرب حاصل کرنے کا ذریعہ میری کتاب تھی؛ کیونکہ یہ کتاب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبّت کے واقعات سے پُر ہے۔ (بستان المحدثين ص ۳۴۴)

يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

Check Also

صبح وشام درود شریف پڑھنا

عَن ابي الدرداء رضي الله عنه قال قال رسول الله صلى الله عليه و سلم مَن صَلَّى عَلَيَّ حِينَ يُصْبِحُ عَشرًا وَحِينَ يُمسِي عَشرًا أَدْرَكَتْهُ شَفَاعَتِى يَومَ القِيَامَة (فضائل درود)...