جمعہ کے دن کثرت سے درود شریف پڑھنے والے کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا ‏

عن عمر بن الخطاب رضي الله عنه أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: أكثروا الصلاة علي في الليلة الزهراء واليوم الأغر فإن صلاتكم تعرض علي فأدعو لكم وأستغفر (القربة لابن بشكوال، الرقم: ۱٠۷، وسنده ضعيف كما في المقاصد الحسنة صـ 148 والقول البديع صـ 335)

حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ”روشن رات اور روشن دن میں (جمعہ کی رات اور جمعہ کے دن) مجھ پر کثرت سے درود بھیجو؛ کیونکہ تمہارا درود میرے سامنے پیش کیا جاتا ہے، تو میں تمہارے لیے دعا اور استغفار کرتا ہوں۔“

ایصال ثواب کے لیے درود شریف پڑھنا

ایک عورت حضرت حسن بصری رحمہ اللہ کے پاس آئی اور عرض کیا کہ میری لڑکی کا انتقال ہو گیا۔ میری یہ تمنّا ہے کہ میں اس کو خواب میں دیکھوں۔

حضرت حسن بصری رحمہ اللہ نے فرمایا کہ عشاء کی نماز پڑھ کر چار رکعت نفل نماز پڑھ اور ہر ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد الھٰکم التکاثر پڑھ اور اس کے بعد لیٹ جا۔ اور سونے تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھتی رہ۔

اس نے ایسا ہی کیا۔ اس نے لڑکی کو خواب میں دیکھا کہ نہایت ہی سخت عذاب میں ہے ۔تارکول لباس اس پر ہے، دونوں ہاتھ اس کے جکڑے ہوئے ہیں اور اس کے پاؤں آگ کی زنجیروں میں بندھے ہوئے ہیں۔ میں صبح کو اٹھ کر پھر حضرت حسن بصری رحمہ اللہ کے پاس گئی۔ حضرت حسن بصری رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اس کی طرف سے صدقہ کر شاید اللہ تعالیٰ اس کی وجہ سے تیری لڑکی کو معاف فرما دے۔

اگلے دن حضرت حسن رحمہ اللہ نے خواب میں دیکھا کہ جنّت کا ایک باغ ہے اور اس میں ایک بہت اونچا تخت ہے اور اس پر ایک بہت نہایت حسین جمیل خوبصورت لڑکی بیٹھی ہوئی ہے۔ اس کے سر پر ایک نور کا تاج ہے، وہ کہنے لگی حسن تم نے مجھے بھی پہچانا۔ میں نے کہا  نہیں میں نے تو نہیں پہچانا۔ کہنے لگی میں وہی لڑکی ہوں جس کی ماں کو تم نے درود شریف پڑھنے کا حکم دیا تھا (یعنی عشاء کے بعد سونے تک) حضرت حسن رحمہ اللہ نے فرمایا تیری ماں نے تو تیرا حال اس کے بالکل بر عکس بتایا تھا۔ جو میں دیکھ رہا ہوں۔

اس نے کہا کہ میری حالت وہی تھی جو ماں نے بیان کی تھی۔ میں نے پوچھا پھر یہ مرتبہ کیسے حاصل ہو گیا۔ اس نے کہا کہ ہم ستّر ہزار آدمی اسی عذاب میں مبتلا تھے جو میری ماں نے آپ سے بیان کیا، صلحاء میں سے ایک بزرگ کا گذر ہمارے قبرستان پر ہوا۔ انہوں نے ایک دفعہ درود شریف پڑھ کر اس کا ثواب ہم سب کو پہونچا دیا۔ ان کا درود  اللہ تعالیٰ کے یہاں ایسا قبول ہوا کہ اس کی برکت سے ہم سب اس عذاب سے آزاد کر دیئے گئے اور ان بزرگ کی برکت سے یہ رُتبہ نصیب ہوا۔ (القول البدیع، فضائلِ درود، ص۱۰۱)

يَا رَبِّ صَلِّ وَ سَلِّم  دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

Source:

Check Also

فرشتوں کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو درود شریف کی اطلاع ملنا

عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من …