عن أنس بن مالك قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من ذكرت عنده فليصل علي فإنه من صلى علي مرة صلي عليه عشرا (المعجم الأوسط للطبراني، الرقم: 2767، ورجاله رجال الصحيح كما في القول البديع صـ 237)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس شخص کے سامنے میرا تذکرہ کیا جائے، اس کو مجھ پر درود بھیجنا چاہئے؛ اس لیے کہ جو مجھ پر ایک بار درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس بار درود (رحمتیں) بھیجتے ہیں۔
حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ کے دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبّت
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ ہجرت کے سفر پر رات کو روانہ ہوئے۔ سفر کے دوران حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ کبھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے چلتے، کبھی پیچھے اور کبھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دائیں طرف چلتے اور کبھی بائیں طرف۔
جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بار بار حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ کا یہ خاص طرزِ عمل دیکھا، تو دریافت فرمایا:
اے ابو بکر! میں تمہیں دیکھتا ہوں کہ کبھی میرے سامنے چلتے ہو، کبھی پیچھے، کبھی دائیں اور کبھی بائیں طرف چلتے ہو۔ تم ایسا کیوں کر رہے ہو؟
حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ نے جواب دیا:
جب مجھے یہ اندیشہ ہوتا ہے کہ دشمن آپ پر پیچھے سے حملہ کر سکتا ہے، تو میں آپ کے پیچھے جاتا ہوں۔ جب میرے دل میں یہ خوف پیدا ہوتا ہے کہ دشمن آگے گھات میں بیٹھا ہے اور آپ پر آگے سے حملہ آور ہو سکتا ہے، تو میں آپ کے سامنے جاتا ہوں اور جب دائیں یا بائیں جانب سے مجھے اندیشہ ہو کہ دشمن آپ پر حملہ کرے، تو میں آپ کے دائیں یا بائیں جانب جاتا ہوں۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ کا جواب سن کر ارشاد فرمایا:
اے ابو بکر! کیا تم میرے لیے اپنی جان قربان کرنا پسند کرتے ہو؟
حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ نے جواب دیا:
ضرور اے اللہ کے رسول! اس ذات کی قسم جس نے آپ کو برحق دین دے کر مبعوث فرمایا ہے۔ میں اپنی جان کو آپ کے لیے قربان کرنے کے لیے تیاّر ہوں۔ (مستدرک حاکم، دلائل النبوۃ)
يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ