اللہ تعالیٰ کی رضامندی کا حصول

عن عائشة رضي الله عنها قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من سره أن يلقى الله وهو عليه راض فليكثر الصلاة علي (الكامل في ضعفاء الرجال 6/32، وإسناده ضعيف كما في القول البديع صـ 267)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو آدمی یہ تمنّا کرتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے اس حال میں ملے کہ وہ (اللہ تعالیٰ) اس سے راضی ہوں، تو وہ مجھ پر کثرت سے درود بھیجے۔

وفات کے بعد درود شریف کے ذریعہ مدد ملنا

مندرجہ ذیل واقعہ روض الفائق میں منقول ہے۔ حضرت سفیان ثوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ:

میں طواف کر رہا تھا۔ میں نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ ہر قدم پر درود ہی پڑھتا ہے اور کوئی چیز تسبیح و تہلیل وغیرہ نہیں پڑھتا۔

میں نے اس سے پوچھا: اس کی کیا وجہ؟ اس نے پوچھا: تو کون ہے؟ میں نے کہا کہ میں سفیان ثوری ہوں۔

اس نے کہا کہ اگر تو اپنے زمانے کا یکتا نہ ہوتا، تو میں نہ بتاتا اور اپنا راز نہ کھولتا۔

پھر اس نے کہا کہ میں اور میرے والد حج کو جارہے تھے۔ ایک جگہ پہنچ کر میرا باپ بیمار ہو گیا۔ میں علاج کا اہتمام کرتا رہا کہ ایک دم ان کا انتقال ہو گیا اور منھ کالا ہو گیا۔ میں دیکھ کر بہت ہی رنجیدہ ہوا اور إنّا لله پڑھی اور کپڑے سے ان کا منھ ڈھک دیا۔

اتنے میں میری آنکھ لگ گئی۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک صاحب جن سے زیادہ حسین میں نے کسی کو نہیں دیکھا اور ان سے زیادہ صاف ستھرا لباس کسی کا نہیں دیکھا اور ان سے زیادہ بہترین خوشبو میں نے کہیں نہیں دیکھی، تیزی سے قدم بڑھائے چلے آ رہے ہیں۔ انہوں نے میرے باپ کے منھ پر سے کپڑا ہٹایا اور اس کے چہرے پر ہاتھ پھیرا، تو اُس کا چہرہ سفید ہو گیا۔

وہ واپس جانے لگے، تو میں نے جلدی سے اُن کا کپڑا پکڑ لیا اور میں نے کہا: اللہ تعالیٰ آپ پر رحم کرے! آپ کون ہیں کہ آپ کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے میرے باپ پر مسافرت میں احسان فرمایا؟

وہ کہنے لگے کہ تو مجھے نہیں پہچانتا، میں محمد بن عبد اللہ صاحبِ قرآن ہوں (صلی اللہ علیہ وسلم)۔

یہ تیرا باپ بڑا گناہگار تھا؛ لیکن مجھ پر کثرت سے درود بھیجتا تھا۔ جب اس پر یہ مصیبت نازل ہوئی، تو میں اس کی فریاد کو پہنچا اور میں ہر اس شخص کی فریاد کو پہنچتا ہوں، جو مجھ پر کثرت سے درود بھیجے۔ (فضائل درود، ص ۱۸۰)

يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

Source: https://ihyaauddeen.co.za/?p=15979, http://ihyaauddeen.co.za/?p=6498

Check Also

فرشتوں کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو درود شریف کی اطلاع ملنا

عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من …