عن البراء بن عازب رضي الله عنه أن النبي صلى الله عليه وسلم قال: من صلى علي كتب الله عز وجل له بها عشر حسنات ومحا عنه بها عشر سيئات ورفعه بها عشر درجات وكن به عدل عتق عشر رقاب (الصلاة على النبي لابن أبي عاصم، الرقم: 52، وقد ذكره المنذري في الترغيب والترهيب بلفظة “عن”، إشارة إلى كونه صحيحا أو حسنا أو ما قاربهما عنده كما بين أصله في مقدمة كتابه 1/50)
حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو مجھ پر (ایک بار) درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے لیے اس کے بدلہ دس نیکیاں لکھتے ہیں، اس کے دس گناہوں کو مٹاتے ہیں، اس کے دس درجات بلند کرتے ہیں اور وہ درود اس کے لیے (ثواب میں) دس غلاموں کو آزاد کرنے کے برابر ہو جاتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کی برکت سے گناہوں کی مغفرت
حضرت جعفر الصائغ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ
حضرت امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کے پڑوس میں ایک شخص رہتا تھا۔ جو بہت سے گناہوں اور برائیوں میں ملوّث تھا۔ ایک دن وہ شخص حضرت امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کی مجلس میں حاضر ہوا اور سلام کیا۔ حضرت امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے اس کے سلام کا جواب دیا؛ لیکن اس کی طرف توجہ نہیں دی؛ بلکہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اس شخص کی وجہ سے منقبض ہوئے (کیوں کہ وہ لوگوں میں برائیوں سے مشہور تھا)۔
جب اس شخص نے دیکھا کہ حضرت امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اس کی طرف توجہ نہیں دے رہے ہے، تو اس نے کہا: اے ابو عبد اللہ! آپ میری طرف کیوں منقبض ہیں۔ میری حالت پہلے سے اچھی ہو گئی، ایک خواب کی وجہ سے جو میں نے دیکھا۔
حضرت امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے دریافت کیا: تم نے کیا خواب دیکھا ہے؟ اس آدمی نے جواب دیا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا کہ آپ ایک بلند جگہ پر تشریف فرما ہیں اور آپ کے نیچے بہت سے لوگ بیٹھے ہیں۔ ان لوگوں میں سے ایک ایک آدمی کھڑا ہوتا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے دعا کی درخواست کرتا ہے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے لیے دعا فرماتے ہیں۔
جب تمام لوگوں کے لیے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی اور صرف میں رہ گیا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: اے فلاں! تم کیوں کھڑے ہو کر مجھ سے دعا کی درخواست نہیں کر رہے ہو؟ تو میں نے جواب دیا: میں اپنے گناہوں پر ندامت کی وجہ سے کھڑا نہیں ہو رہا ہوں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر آپ کو اپنے گناہوں پر شرمندگی ہے، تو کھڑے ہو جاؤ اور مجھ سے دعا کی درخواست کرو؛ کیوںکہ میں تم سے خوش ہوں؛ کیونکہ آپ میرے صحابہ سے محبت رکھتے ہو اور ان کو برا بھلا نہیں کہتے ہو؛ چناںچہ میں کھڑا ہوا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے لیے دعا کی۔
جب میں بیدار ہوا، تو میں نے محسوس کیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کی برکت سے گناہوں کی نفرت میرے دل میں آ گئی۔
جب امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے یہ خواب سنا، تو فرمایا: اے جعفر، اے فلاں! لوگوں سے یہ خواب بیان کرو اور اس کو یاد رکھو؛ اس لیے کہ یہ ایک مفید چیز ہے، جس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ (کتاب التوّابین، ابن قدامہ، ص ۲۷۵)
يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ
Source: http://ihyaauddeen.co.za/?p=3910