افضل ترین درود

علامہ سخاوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سب سے افضل درود درود ابراہیمی ہے ، کیوں کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام کو یہ درود سکھایا جب انہوں نے آپ سے پوچھا کہ قرآن مجید میں درج درود کے حکم کو کیسے پورا کریں؟

علامہ نووی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب “روضہ” میں ذکر کیا ہے کہ اگر کوئی شخص یہ قسم کھائے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر سب سے افضل درود شریف بھیجے گا اور وہ  درود ابراہیمی پڑھے تو اس کی قسم پوری ہوگئی۔

مشہور فقیہ علامہ شامی  رحمۃ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ امام محمد (امام ابو حنیفہ کے شاگرد) سے ایک مرتبہ پوچھا گیا کہ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود کن الفاظ میں بھیجنا چاہیے؟ تو انہوں نے جواب میں درود ابراہیمی کے الفاظ لکھے ۔

یہی وجہ ہے کہ درود ابراہیمی کو فقہ حنفی میں  سب سے افضل والا درود قرار دیا جاتا ہے اور یہی وہ درود ہے جس کو نماز میں پڑھنا افضل ہے۔

یہ بات ذہن نشیں  رہے کہ درود شریف کے متعدد الفاظ ہیں جو مختلف صحابہ کرام سے منقول ہیں۔  انہوں نے یہ درود براہ راست حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سیکھے۔ تاہم، جب ہم ان مختلف  درودوں کو دیکھتے ہیں، تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے  الفاظ میں کچھ فرق ہے ۔

حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ حضرت رسول اللہ ﷺ نے مختلف صحابہ کو الگ الگ  درود سکھائے تاکہ درود کی کسی خاص صورت کو واجب نہ سمجھا جائے۔

یہ جاننا ضروری ہے کہ درود پڑھنا ایک الگ معاملہ ہے اور مخصوص قسم کا درود پڑھنا ( جو حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول ہے )  الگ بات ہے ۔ لہٰذا اگر کوئی ایسا درود پڑھے جو حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول نہ ہو تو جائز ہوگا، جب کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول درود پڑھنا زیادہ باعث فضیلت  اور ثواب ہے۔

Check Also

افضل ترین درود

حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب مندجہ ذیل آیتِ شریفہ …