فضائلِ اعمال – ۳۶

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا صدقہ کی کھجور کے خوف سے تمام رات جاگنا

ایک مرتبہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تمام رات جاگتے رہے اور کروٹیں بدلتے رہے۔

ازواج مطہرات میں سے کسی نے عرض کیا: یا رسول اللہ! آج نیند نہیں آتی؟

ارشاد فرمایا کہ ایک کھجور پڑی ہوئی تھی۔ میں نے اٹھا کر کھالی تھی کہ ضائع نہ ہو۔ اب مجھے یہ فکر ہے کہ کہیں وہ صدقہ کی نہ ہو۔

ف: اقرب یہی ہے کہ وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اپنی ہی ہوگی؛ مگر چوں کہ صدقہ کا مال بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے یہاں آتا تھا، اس شبہ کی وجہ سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو رات بھر نیند نہ آئی کہ خدا نخواستہ وہ صدقہ کی ہو اور اس صورت میں صدقہ کا مال کھایا گیا ہو۔

یہ تو آقا کا حال ہے کہ محض شبہ پر رات بھر کروٹیں بدلیں اور نیند نہیں آئی۔ اب غلاموں کا حال دیکھو کہ رشوت، سود، چوری، ڈاکہ ہر قسم کا ناجائز مال کس سرخروئی سے کھاتے ہیں اور ناز سے اپنے کو غُلامانِ محمد شمار کرتے ہیں۔ (فضائلِ اعمال، حکایات صحابہ، ص ۶۷-۶۸)

Check Also

فضائلِ صدقات – ۲۸

ایک چرواہے کا تقوی نافع رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن عمر …