زکوٰۃ کی رقم سے کھانے پینے کی چیزیں خرید کر غریب کو دینا

سوال:- کیا زکوٰۃ کی رقم سے کھانے پینے کی چیزیں خرید کر غریبوں کو کھلانا جائز ہے؟ کیا ماہِ رمضان میں زکوٰۃ کی رقم سے غریبوں کو افطار کرانا جائز ہے؟

الجواب حامدًا و مصلیًا

زکوٰۃ کی رقم سے غریبوں کو کھانا کھلانا جائز ہے، بشرطیکہ تملیک کی شرط پائی جائے۔ تملیک کا مطلب یہ ہے کہ کسی غریب مسلمان کو زکوٰۃ کا مال دے دیا جائے اور اس کو اس مال کا مالک بنا دیا جائے۔

چنانچہ اگر زکوٰۃ کی رقم سے کھانے پینے کی چیزیں خریدی جائیں اور کسی غریب مسلمان کو اس کا مالک بنا دیا جائے، تو زکوٰۃ ادا ہوگی؛ لیکن اگر کسی غریب مسلمان کو کھانے پینے کی چیزوں کا مالک نہ بنا دیا جائے؛ بلکہ اس کو دعوت کے لئے بلایا جائے اور اس کو کھلایا جائے، تو اس سے زکوٰۃ ادا نہیں ہوگی؛ کیوں کہ تملیک کی شرط نہیں پائی گئی۔

اسی طرح اگر ماہِ رمضان میں زکوٰۃ کی رقم سے افطار کا سامان خریدا جائے اور غریبوں کو دے کر ان کو اس سامان کا مالک بنا دیا جائے، تو زکوٰۃ ادا ہوگی؛ لیکن اگر انہیں افطار کا سامان نہ دیا جائے؛ بلکہ انہیں دعوت کے لئے بلایا جائے اور افطار کرایا جائے، تو زکوٰۃ ادا نہیں ہوگی؛ کیوں کہ تملیک کی شرط نہیں پائی گئی۔

فقط واللہ تعالی اعلم

ويشترط أن يكون الصرف (تمليكا) لا إباحة كما مر

قال العلامة ابن عابدين – رحمه الله -: قوله ( تمليكا ) فلا يكفي فيها الإطعام إلا بطريق التمليك ولو أطعمه عنده ناويا الزكاة لا تكفي (رد المحتار ۲/۳٤٤)

وقيد بالتمليك احترازا عن الإباحة ولهذا ذكر الولوالجي وغيره أنه لو عال يتيما فجعل يكسوه ويطعمه وجعله من زكاة ماله فالكسوة تجوز لوجود ركنه وهو التمليك وأما الإطعام إن دفع الطعام إليه بيده يجوز أيضا لهذه العلة وإن كان لم يدفع إليه ويأكل اليتيم لم يجز لانعدام الركن وهو التمليك (البحر الرائق ۲/۲۱۷)

رجل يعول يتيما فجعل يكسوه ويطعمه وجعل ما يكسوه وما يأكل عنده من زكاة ماله أما الكسوة يجوز لوجود الركن وهو التمليك وأما الإطعام إن دفع إليه بيده يجوز أيضا لهذا وإن كان لم يدفع ويأكل اليتيم لم يجز لانعدام الركن وهو التمليك (التجنيس والمزيد ۲/۳۲۷)

ويشترط التمليك ولا يجوز التغدية والتعشية (الفتاوى السراجية صـ ۱۵٦)

دار الافتاء، مدرسہ تعلیم الدین

اسپنگو بیچ، ڈربن، جنوبی افریقہ

Source: http://muftionline.co.za/node/68

Check Also

نئے اسلامی سال کی دعا

سوال:- نئے اسلامی سال یا نئے اسلامی ماہ کے آغاز میں کوئی دعا حدیث سے ثابت …