نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کا حصول ‏

‎‎

عن ابن عمر قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من زار قبري وجبت له شفاعتي (سنن الدارقطني، الرقم: ۲٦۹۵) رواه البزار والدارقطني ‏قاله النووي وقال ابن حجر في شرح المناسك: رواه ابن خزيمة في صحيحه وصححه جماعة كعبد الحق والتقي السبكي وقال القاري في شرح الشفا ‏‏: صححه جماعة من أئمة الحديث. (فضائلِ حج صـ ۱۸۲)‏

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کرتے ہیں کہ ”جس شخص نے میری قبر کی زیارت کی، اس کے لئے میری شفاعت ضروری ہو گئی“ (میں اس کے لئے قیامت کے دن اللہ تعالیٰ سے ضرور سفارش کروں گا کہ اس کو بخش دیا جائے)۔

خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سکھایا ہوا درود

کمال دمیری رحمہ اللہ نے شرح المنہاج میں حضرت شیخ ابو عبد اللہ بن نعمان سے نقل کیا ہے کہ انہیں خواب میں سو بار نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت ہوئی۔ آخری بار جب انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا تو انہوں نے سوال کیا: اے اللہ کے رسول ! آپ پر کونسا درود بھیجنا میرے لئے سب سے افضل ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا: یہ درود پڑھا کرو:

اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ الَّذِيْ مَلَأْتَ قَلْبَهُ مِنْ جَلَالِكَ وَعَيْنَهُ مِنْ جَمَالِكَ ‏فَأَصْبَحَ فَرِحًا مَسْرُوْرًا مُؤَيَّدًا مَنْصُوْرًا

اےاللہ ! ہمارے آقا محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجئے، جن کے دل کو آپ نے اپنے جلال سے بھر دیا اور جن کی آنکھ کو اپنے جمال سے بھر دیا، تو وہ شاداں وفرحاں ہو گئے اور جس کی مدد اور نصرت غیب سے کی گئی۔ (القول البدیع، ص۱۴۷)

بکثرت درود پڑھنے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عزت افزائی

ابو العباس احمد بن منصور رحمہ اللہ کے بارے میں منقول ہے کہ جب انکا انتقال ہو گیا، تو شیراز کے ایک شخص نے ان کو خواب میں دیکھا کہ وہ شیراز کی جامع مسجد میں خوب صورت جوڑا اور ہیرے جواہرات سے آراستہ تاج پہنے ہوئے لکڑے ہیں تو اس نے ان سے دریافت کیا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ فرمایا؟ انھوں نے جواب دیا: اللہ تعالیٰ نے میری مغفرت فرما دی، میرا اعزاز کیا، مجھے تاج پہنایا اور مجھے جنت میں داخل فرمایا۔ تو اس نے پوچھا: کس عمل کی وجہ سے؟ انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر بکثرت درود پڑھنے کی وجہ سے۔ (القول البدیع)

‎يَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ‎

Source:

Check Also

درود شریف پڑھنے کی برکت سے ضرورتوں کی تکمیل ‏

”جو شخص میری قبر کے پاس کھڑا ہو کر مجھ پر درود پڑھتا ہے میں اس کو خود سنتا ہوں اور جو کسی اور جگہ درود پڑھتا ہے تو اس کی دنیا اور آخرت کی ضرورتیں پوری کی جاتی ہیں اور میں قیامت کے دن اس کا گواہ اور اس کا سفارشی ہوں گے۔“...