نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت

‎‎

عن ابن عمر قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من زار قبري وجبت له شفاعتي (سنن الدارقطني، الرقم: ۱۹٤، ‏وسنده جيد كما في البدر المنير ٦/۲۹۷)‏‏

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس نے میری قبر کی زیارت کی (سلام کیا)، میری شفاعت اس کے لئے واجب ہو گئی (میں اس کے لئے قیامت کے دن سفارش کروں گا)۔ (دارقطنی)

درود- بیماریوں سے شفا کا ذریعہ‎‎

نزھۃ المجالس میں لکھا ہے کہ بعض صلحاء میں سے ایک صاحب کو حبسِ بول ہو گیا (پیشاب رُک گیا)۔ انہوں نے خواب میں عارف باللہ حضرت شیخ شہاب الدّین ابن رسلان کو جو بڑے زاہد اور عالم تھے دیکھا اور ان سے اپنے مرض کی شکایت وتکلیف کہی انہوں نے فرمایا تو تریاقِ مجرّب سے کہاں غافل ہے (شفا کی دوا) یہ درود شریف پڑھا کر:

اَللّٰهُمَّ صَلِّ وَسَلِّمْ عَلٰى رُوْحِ سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ فِيْ الْأَرْوَاحْ وَصَلِّ وَسَلِّمْ عَلٰى قَلْبِ سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ فِيْ الْقُلُوْبِ وَصَلِّ وَسَلِّمْ عَلٰى جَسَدِ ‏سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ فِيْ الْأَجْسَادْ وَصَلِّ وَسَلِّمْ عَلٰى قَبْرِ سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ فِيْ الْقُبُوْرْ‏

اے اللہ ! تمام روحوں میں سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک روح پر درود وسلام بھیج اور تمام دلوں میں سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک دل پر درود وسلام بھیج اور تمام جسموں میں سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے جسمِ مبارک پر درود وسلام بھیج اور تمام قبروں میں سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر پر درود وسلام بھیج۔

خواب سے اٹھنے کے بعد ان صاحب نے اس درود کو کثرت سے پڑھا اور ان کا مرض زائل ہو گیا۔ (نزھۃالمجالس، فضائل درود، ص۱۸۲)

حضرت آدم علیہ السلام کی طرف سے حضرت حوّا علیہا السلام کا مہر

شیخ عبد الحق محدّث دہلوی رحمہ اللہ نے مدارج النبوّۃ میں لکھا ہے کہ جب حضرتِ حوّا علیہا السلام پیدا ہوئیں، حضرت آدم علیہ السلام نے ان پر ہاتھ بڑھانا چاہا، ملائکہ نے کہا صبر کرو جب تک نکاح نہ ہو جائے اور مہر ادا نہ کر دو۔ انہوں نے پوچھا: مہر کیا ہے؟ فرشتوں نے کہا کہ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پر تین بار درود شریف پڑھنا اور ایک روایت میں بیس بار آیا ہے۔ (فضائلِ درود، ص۱۵۵)

‎يَا رَبِّ صَلِّ وَ سَلِّم دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ‎

Source:

Check Also

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کا حصول ‏

”جس شخص نے میری قبر کی زیارت کی، اس کے لئے میری شفاعت ضروری ہو گئی“...